Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی جدہ کی قدیم مارکیٹ میں آتشزدگی

آگ اسفنج کے گودام سے شروع ہوئی۔ فوٹو ۔ شہری دفاع
جدہ کے جنوبی علاقے کی روایتی مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا ۔ شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل سعید سرحان نے اردونیوز کو بتایا کہ آتشزدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی خسارے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کی دوپہر جدہ کے جنوبی علاقے میں واقع روایتی مارکیٹ " الھدل " میں اچانک آگ بھڑ اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کافی حصے کو لپیٹ میں لے لیا ۔

آگ بجھانے کی کارروائی میں بھاری مشنری سے بھی مدد لی گئی ۔فوٹو ۔ شہری دفاع

کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے ہنگامی یونٹس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہو ںنے فائر فائٹنگ کی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ 
آگ اسفنج کے گودام سے شروع ہوئی جبکہ وہاں فرنیچر بنانے کے لیے بڑی مقدار میں لکڑیاں اور دیگر سامان بھی موجود تھا جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی ۔

آتشزدگی کے وقت گودام  میں کوئی نہیں تھا ۔  فوٹو ۔ شہری دفاع 

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ آتشزدگی اس قدر خطرنا ک تھی کہ اس سے اٹھنے والا دھواں دور سے دیکھا جا سکتا تھا ۔ آتشزدگی کے وقت گودام بند تھا اور وہاں کوئی شخص بھی نہیں تھا ۔ 
شہری دفاع کے ترجمان نے مزید بتایا کہ متاثرہ گودام کا دروازہ توڑ کر آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا جس کے لیے شہری دفاع کی بھاری مشنری سے بھی مدد لی گئی ۔
متاثرہ مقام پر کثیف دھوئیں کی وجہ سے فائر فائٹنگ یونٹس کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ 

  کثیف دھوئیں کی وجہ سے فائر فائٹنگ یونٹس کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ فوٹو ۔ شہری دفاع

شہری دفاع کے اہلکاروں کو خصوصی ماسک فراہم کیے گئے تاکہ انہیں دھوئیں گے بچایا جاسکے ۔ دھوئیں  سے چند میٹر دور دیکھنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا ۔
شہری دفاع کے اہلکاروں نے آگ بجھانے کے لیے یونٹس کو 2 حصو ں میں تقسیم کر دیا ۔ پہلا یونٹ آگ بجھانے میں مصروف ہو گیا جبکہ دوسرے یونٹ نے مارکیٹ میں دیگر دکانوں  اور گوداموں کو محفوظ رکھنے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔
امدادی کارروائیوں میں پولیس اور ہلال الاحمر کے یونٹس نے بھی شرکت کی ۔ پولیس اہلکاروں نے متاثرہ مقام پر لوگوں کو دور رکھا تاکہ امدادی کارروائی متاثرنہ ہو ۔ 

آتشزدگی سے اٹھنے والا دھواں میلوں دور سے دکھائی دے رہا تھا۔ فوٹو ۔ شہری دفاع  

آتشزدگی سے اٹھنے والا دھواں میلوں دور سے دکھائی دے رہا تھا۔ شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہ ہو سکی ۔ شہری دفاع نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ متعلقہ اداروں کو فراہم کر دی جو تحقیقات کر کے متعلقہ ادارے کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: