Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی وزیرستان: سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، خود کش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے

بارودی مواد سے بھری گاڑی کو کامیابی سے تباہ کیا گیا ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
 جنوبی وزیر ستان ضلع میں سنیچر کو سکیورٹی چیک پوسٹ پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، ایک خود کش بمبار سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈین سپانسرڈ ’ فتنہ خوارج‘  کے دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کے سکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت، مستعد اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں اسے ناکام بنا دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ سے باہر کامیابی سے تباہ کردیا۔ اس میں موجود خودکش بمبار ہلاک ہوگیا۔ چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
سکیورٹی اہلکاروں نے دیگر تین دہشت گردوں کا بھی تعاقب کیا اور انہیں قریبی عمارت میں گھیر لیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک  انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یاد رہے جمعے کو ’ضلع ٹانک میں قائم مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے حملے میں 14 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ محکمہ جنگلات کا ایک ملازم بھی جان سے گیا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔
 ’23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں قائم مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر انڈیا کی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی تھی۔‘

 

شیئر: