Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجزیرہ پر ایرانی پروپیگنڈا پھیلانے کا الزام

قاسم سلیمانی جنوری میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
قطری میڈیا ہاؤس الجزیرہ کو امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تعریف میں چلائے جانے والے پوڈ کاسٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 'الجزیرہ عرب نے ستائیس منٹ طویل چلائے جانے والے پوڈ کاسٹ میں قاسم سلیمانی کی شخصیت کے حوالے سے بالکل مختلف تصویر کشی کی ہے۔'
پوڈ کاسٹ میں شامل ایک شخص قاسم سلیمانی کا کردار نبھاتے ہوئے وضاحت دے رہا ہے کہ انہوں نے اپنے دور میں حماس اور حزب اللہ جیسے گروپوں کی حمایت کیوں کی اور صدر بشار الاسد کی شامی عوام کو ہلاک کرنے میں مدد کی وجوہات کیا تھیں۔
مصری تجزیہ کار عبداللطیف المناوی نے پوڈ کاسٹ کے بارے میں کہا کہ 'جیسے یہ ایرانی پروپیگنڈا چینل نے تیار کیا ہو، نہ کہ الجزیرہ جیسے کسی نیوز نیٹ ورک نے جو ضوابط کی پابندی کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔' 
انہوں نے کہا کہ 'پوڈکاسٹ سن کر محسوس ہوتا ہے کہ جیسے قاسم سلیمانی ایک مشہور قومی ہیرو تھے، جنہوں نے اسلام کی حفاظت کی اور یروشلم کو آزادی دلوائی۔'
پوڈکاسٹ کے آغاز میں قاسم سلیمانی کا کردار روسی صدر ولادی میر پوتن سے  شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کر رہا ہے۔
کردار کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’شامی تنازعے میں حصہ لینا میرے بہت سے کارناموں میں سے ایک ہے، اس کے علاوہ 2015 میں روسی صدر ولادی میر پوتن کو ہمارے اور اتحادیوں کے فائدے میں عسکری مداخلت پر آمادہ کرنا بھی (بڑی کامیابی تھی)۔‘
’میں قاسم سلیمانی ہوں، ایک سپاہی جس نے اپنی زندگی اسلام کی خدمت اور اسلامی انقلاب کے فخر اور وقار میں وقف کر دی۔‘
پوڈ کاسٹ میں قاسم سلیمانی کا کردار فخر محسوس کرتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ 'دنیا کا طاقتور ملک امریکہ بھی اس کے نام سے ڈرتا ہے۔'
سلیمانی کی سربراہی میں بنائی گئی قدس فوج  کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کردار نے کہا کہ 'یہ زائنسٹ عوامل کے خلاف مزاحمتی گروہوں کی مدد کے لیے بنائی گئی تھی اور ان کی حمایت جاری رہے گی۔' 

الجزیرہ نے قاسم سلیمانی پر پوڈ کاسٹ کی تشہیر کی ٹویٹ بعد میں ہٹا دی تھی (سکرین شاٹ عرب نیوز)

پوڈکاسٹ کے دوران سلیمانی کے کردار سے شامی تنازعے کی حمایت کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ انہیں متاثرین کی تکلیف دہ آوازیں سن کر کیسے نیند آجاتی ہے؟
اس پر سلیمانی کے کردار نے جواب دیا کہ 'وہ مکمل طور پر آگاہ ہیں کہ شام میں حالات کیسے قابو سے باہر ہوگئے تھے، اور کچھ شہروں کے جائز مطالبات بھی تھے لیکن ساتھ ہی امریکہ اور زائنسٹ لابی کی جانب سے شام کے خلاف بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی بھی کی جا رہی تھی، جس کا مقصد شام کو تباہ کرنا تھا، جو پورے خطے میں مزاحمت کی علامت ہے۔'
پوڈ کاسٹ میں کردار دعویٰ کرتا ہے کہ شام میں استحکام ایران کی وجہ سے آیا ہے۔
الجزیرہ نے عرب نیوز کے پوڈ کاسٹ کے حوالے سے کیے گئے سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
الجزیرہ نے قاسم سلیمانی کی شخصیت پر بنائے گئے پوڈ کاسٹ کی تشہیر کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ بھی کی تھی، جو تنقید کے بعد ہٹا دی گئی۔

شیئر: