Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹروں کی ڈگریوں کی اب 'آن لائن تجدید'

پی ایم ڈی سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈاکٹروں کی ڈگریوں کی آن لائن تصدیق کی جائے (فوٹو: ٹوئٹر)
بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی درخواست پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو ہدایت کی ہے کہ ان کے سرٹیفکیٹ اور ڈگریوں کی تجدید آن لائن شروع کریں۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے نام اپنے نوٹس میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایڈوائزر اور کمشنر برائے شکایات حافظ احسان احمد کھوکھر نے سعودی عرب میں پاکستانی سرجن ڈاکٹر محمد رمضان کی درخواست پر ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کا مسئلہ حل کیا جائے۔
پی ایم ڈی سی کو درخواست میں اٹھائے گئے نکات پر جواب دائر کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے شہر دہران کے آرمڈ فورسز ہسپتال میں کنسلٹنٹ سرجن ڈاکٹر نے وفاقی محتسب کے نام اپنے خط میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو اپنے سرٹیفیکٹ اور ڈگریوں کی تجدید نو بذریعہ ڈاک کروانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ڈاکٹروں کو پیشہ ورانہ دستایزات کی آن لائن تجدید کی سہولت میسر ہے اس لیے پی ایم ٖڈی سی کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ یہی سہولت پاکستانی ڈاکٹروں کو بھی مہیا کرے۔
حافظ احسان احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ شکایت کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور پی ایم ڈی سی کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ اس مسئلے کا حل نکالا جائے۔
اس کے علاوہ پی ایم ڈی سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ 20 مئی تک وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو درخواست میں اٹھائے گئے نکات کی روشنی میں رپورٹ جمع کروائی جائے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب، مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ہزاروں پاکستانی ڈاکٹرز اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

شیئر: