Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ فہد لائبریری میں 11 سو برس قدیم قرآن پاک کا نسخہ

کنگ فہد قومی لائبریری میں73 ہزار قلمی نسخوں کی کاپیاں بھی موجود ہیں(فوٹو،ایس پی اے)
کنگ فہد قومی لائبریری میں گیارہ سو برس قبل قرآن پاک کا ایسا نادر نسخۃ محفوظ ہے جو چمڑے پر لکھا ہوا ہے- یہاں قرآن پاک کا ایک اور نادر نسخہ بھی موجود ہے جو خط نسخ میں ہے- ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ دسویں صدی ہجری میں لکھا ہوگا-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق لائبریری کے سیکریٹری جنرل محمد بن عبدالعزیز الراشد نے بتایا کہ کنگ فہد قومی لائبریری قلمی نسخوں کے تحفظ پر کام کررہی ہے- افراد اور اداروں کے یہاں محفوظ قلمی نسخوں کا اندراج بھی کیا جارہا ہے-

قرآن پاک کا ایک اور نادر نسخہ بھی موجود ہے جو خط نسخ میں ہے(فوٹو، ایس پی اے)

کنگ فہد قومی لائبریری سعودی عرب کے مختلف علاقوں کی لائبریریوں میں موجود اصلی قلمی نسخوں کا ڈیٹا بھی تیار کررہی ہے- اس حوالے سے اچھا خاصا کام کرلیا گیا ہے-
کنگ فہد قومی لائبریری قلمی نسخوں کے مالکان کو قلمی نسخے سینیٹائز کرنے کی سہولت بھی مہیا کررہا ہے-  ایسا کرنے سے قلمی نسخے کی عمر بڑھ جاتی ہے- لائبریری اس قسم کے نسخوں کا باقاعدہ دستاویزی کارڈ بھی جاری کرتی ہے-
الراشد نے بتایا کہ کنگ فہد قومی لائبریری 73 ہزار قلمی نسخوں کی فوٹو کاپیاں بھی جمع کرچکی ہے جبکہ اس کے یہاں 6 ہزار نایاب دستاویزات کا خزانہ بھی محفوظ ہے-
کنگ فہد قومی لائبریری کئی برس قلمی نسخے اور دستاویزات جمع کرانے کی مہم چلائے ہوئے ہے- لائبریری میں 90 ہزار نایاب قلمی نسخے محفوظ کیے جاچکے ہیں-
کنگ فہد قومی لائبریری 1403 ھجری مطابق 1983 میں سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم کی گئی- اس کا مقصد اندرون و بیرون ملک سعودی شہریوں کی تمام نگاراشات محفوظ کرنا ہے- لائبریری مملکت سے متعلق اندرون و بیرون ملک جو کچھ شائع ہوتا ہے اسے حاصل کرکے اپنے ریکارڈ کا حصہ بنالیتی ہے-
کنگ فہد لائبریری کی شروعات مقامی لائبریری کے طور پر ہوئی تھی- کنگ سلمان کی تجویز پر (گورنر ریاض کی حیثیت) سے اسے سعودی عرب کی قومی لائبریری میں تبدیل کردیاگیا-

لائبریری  58 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں بنی ہوئی ہے (فوٹو، ایس پی اے) 

کنگ فہد قومی لائبریری  58 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں بنی ہوئی ہے- 30 ہزار مربع میٹر پر لائبریری پارک بنایاگیا ہے- لائبریری میں 300 گاڑیوں کی پارکنگ بھی بنی ہوئی ہے- لائبریری چار منزلہ ہے- یہ عرب طرز تعمیر اور سنگ مرمر کے نقوش سے مزین ہے-
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: