Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین الاقوامی پروازیں 31 مئی تک معطل

پاکستان میں حکومت نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن 31 مئی تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی ہوائی اڈوں سے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت کی معطلی کی تاریخ میں 31 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے تاہم فلائٹ آپریشنز کے حوالے سے گزشتہ آرڈر میں دیے گئے احکامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر بین الاقوامی پروازوں کو 30 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، بعد میں مزید 15 دنوں کی توسیع کر دی گئی تھی۔
گزشتہ فیصلے کے مطابق فلائٹ آپریشن آج 15 مئی سے بحال ہونا تھا جو اب 31 مئی تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کورونا کے پیش نظر پاکستان نے پہلی بار 21 مارچ کو دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد میں اس بندش میں توسیع کر دی گئی تھی۔
پاکستان سول ایوی ایشن نے فلائٹ آپریشن سے متعلق نئے احکامات ٹویٹ بھی کیے ہیں۔
اس دوران جمعے کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ملکی اور غیر ملکی پروازیں عارضی بنیادوں پر بند کی ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اس مشکل صورتحال میں بھی عمرہ و زائرین اور دیگر بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلائی گئیں۔

ابتدائی طور پر پاکستان نے انٹرنیشنل فلائٹس آپریشن 30 اپریل تک معطل کیا تھا۔ فوٹو: ویڈیو گریب

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمان اور عرب امارات سے بلامعاوضہ قیدیوں کو واپس لایا گیا۔ سعودیہ اور عراق سے زائرین جبکہ تنزانیہ سمیت دیگر ممالک سے تبلیغی جماعت کے افراد کو واپس لانے کے لیے انتظامات کیے گئے۔
یاد رہے کہ پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پی آئی اے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے قومی ایئرلائن کے ممبران پائلٹس کو پروازیں چلانے سے روک دیا تھا جس کے بعد حکام نے ان سے مذاکرات کیے تھے۔

حکومت پاکستان کا اندرون ملک پروازیں بحال کرنے کا اعلان

حکومت پاکستان نے 16 مئی سے اندرون ملک محدود پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
 وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے جمعے کو ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کے اجلاس میں ڈومیسٹک پروازیں بحال کرنے کا حتمی  فیصلہ ہوا ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ 'سنیچر 16 مئی سے ابتدائی طور پر 20 فیصد ڈومیسٹک آپریشنز بحال کیے جائیں گے۔ فلائٹ آپریشن لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں شروع کیے جائیں گے۔'
ان کے بقول 'سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے 50 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی۔'
وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ ہوا بازی ڈویژن کی ہر ممکن کوشش ہے کہ مسافروں کو محفوظ طریقے سے سفر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔'
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وجہ سے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن 21 مارچ کو معطل کر دیا تھا۔

شیئر: