سماجی فاصلے کے اصول پر عمل سے ہی کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 12 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو ہزار 532 نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک مریضوں کی مجموعی تعداد 65 ہزار 77 تک پہنچ گئی۔
وزرات صحت کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے ریاض میں کورونا وائرس کے حوالے سے یومیہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب تک سعودی عرب میں کورونا وائرس سے 351 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے لکھا ہے کہ 21 مئی کو جن مریضوں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی ان میں سب سے زیادہ ریاض میں ہیں جنکی تعداد 714 ہے جبکہ جدہ میں 390، مکہ میں 299، مدینہ 193، بریدہ 144، الھفوف 141 ، دمام 88 ، الدرعیہ 61، الجبیل 58، الخبر 54، الظھران 52، تبوک 51، طائف 50، صبا 30، ینبع 16، قطیف 15، بیش 12، احد رفیدہ 10، خلیص نو، الجفر آٹھ، نجران آٹھ، خمیس مشیط میں سات جبکہ دیگر متعدد شہروں میں بھی مریضوں کی تعداد مختلف رہی۔
دریں اثنا سبق نیوز کے مطابق ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 562 افراد اس مرض سے صحتیاب ہوئے جن کے ساتھ ہی اب تک کووڈ 19 سے 36 ہزار 40 افراد مکمل طور پر شفایاب ہوچکے ہیں انکے ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر انہیں قرنطینہ سینٹرز سے روانہ کر دیا گیا۔
ترجمان صحت نے مزید بتایا کہ گذشتہ روز جن کیسز کی تصدیق کی گئی ہے ان میں 39 فیصد سعودی جبکہ 61 فیصد غیر ملکی ہیں، 27 فیصد خواتین اور 73 فیصد مرد، 10 فیصد بچے اور تین فیصد معمر افراد شامل ہیں۔
ڈاکٹر العبدالعالی نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والوں میں ایک سعودی جبکہ باقی غیر ملکی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 45 سے 87 برس کے درمیان ہیں جو جدہ اور مکہ کے قرنطینہ سینٹر کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے۔
مملکت کے مختلف شہروں میں وزارت صحت کی جانب سے چھ لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ لیا جاچکا ہے۔
ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ عید الفطر کے موقع پر گھروں میں رہیں اور میل جول سے مکمل گریز کریں کیونکہ کورونا کو پھیلنے سےروکنے کی واحد تدبیر سماجی رابطوں میں دوری کے اصول کو اپنانے میں ہی ہے۔