Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف بی آر کا نیا فیصلہ، دو لاکھ یا زائد کریڈٹ کارڈ بل ادا کرنے والوں کا ریکارڈ طلب

اس نئے قانون کا اطلاق ٹیکس سال 2027 پر ہوگا، جو یکم جولائی 2026 سے شروع ہو چکا ہے (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان میں ٹیکس اکھٹا کرنے کے نگران ادارے ایف بی آر نے کمرشل بینکوں کو پابند کر دیا ہے کہ وہ ہر اس صارف کا مکمل ریکارڈ فراہم کریں جو ایک ماہ کے دوران اپنے کریڈٹ کارڈ کے بلوں کی مد میں دو لاکھ روپے یا اس سے زائد کی ادائیگی کرے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے یہ اقدام مالی شفافیت کو یقینی بنانے، غیر دستاویزی معیشت کی حوصلہ شکنی کرنے اور ٹیکس نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے وسیع تر فریم ورک کا حصہ ہے۔
 اس نظام کے نفاذ سے ٹیکس حکام کو اس بات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی کہ آیا صارفین کے طرزِ زندگی اور بھاری اخراجات ان کی ظاہر کردہ آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 15 ستمبر 2026 تک اپ ڈیٹ کیے گئے ’انکم ٹیکس رولز 2002‘ میں ایک مخصوص ’کریڈٹ کارڈ پیمنٹس سٹیٹمنٹ‘ شامل کر دیا گیا ہے۔ 
اس نئے قانون کا اطلاق ٹیکس سال 2027 پر ہوگا، جو یکم جولائی 2026 سے شروع ہو چکا ہے اور 30 جون 2027 تک جاری رہے گا۔
بینکوں کو کون سی معلومات فراہم کرنا ہوں گی؟
نئے مقررہ فارمیٹ کے تحت تمام کمرشل بینکوں پر لازم ہوگا کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر ایسے تمام افراد اور کاروباری اداروں کے گوشوارے (سٹیٹمنٹس) ایف بی آر کو ارسال کریں جن کے کریڈٹ کارڈ بلوں کی ادائیگی مہینے میں دو لاکھ روپے یا اس سے تجاوز کر جائے۔
واضح رہے کہ یہاں ’کریڈٹ کارڈ ادائیگی‘ سے مراد وہ رقم ہے جو صارف پورے مہینے میں کارڈ استعمال کرنے کے بعد اپنا ماہانہ بل ادا کرنے کے لیے بینک کو جمع کراتا ہے۔ یعنی اگر کسی صارف کا ماہانہ کریڈٹ کارڈ بل دو لاکھ روپے یا اس سے زائد بنتا ہے اور وہ اس کی ادائیگی کرتا ہے، تو بینک اس کی تفصیلات ایف بی آر کو بھیجنے کا پابند ہوگا۔
نئے قواعد کے مطابق، ایسے صارفین جن کے کریڈٹ کارڈ بلوں کی ماہانہ ادائیگی دو لاکھ روپے یا اس سے زائد ہو، ان کے حوالے سے بینکوں پر لازم ہوگا کہ وہ صارف کا قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ یا پاسپورٹ نمبر، نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این)، اکاؤنٹ کا عنوان، رہائشی حیثیت، مکمل پتہ اور ٹیلی فون نمبر ایف بی آر کو فراہم کریں۔ 

ماہانہ بنیادوں پر بھاری رقوم خرچ کرنے والے صارفین براہِ راست ایف بی آر کی نگرانی میں آ جائیں گے (فوٹو: اے پی پی)

اس کے علاوہ بینکوں کو صارف کے کریڈٹ کارڈ کا نمبر، کارڈ حاصل کرنے کی تاریخ، اس کا کاروبار یا پیشہ اور متعلقہ مہینے میں کریڈٹ کارڈ بل کی مد میں ادا کی گئی مجموعی رقم کی تفصیلات بھی بھیجنا ہوں گی۔
بینک نمائندے کا دستخط شدہ تصدیق نامہ لازمی قرار
ڈیٹا کی درستگی کو یقینی بنانے کے لیے ایف بی آر نے سخت شرط عائد کی ہے کہ بینک کا ایک مجاز نمائندہ اس سٹیٹمنٹ کے ساتھ ایک باقاعدہ تصدیق نامے پر دستخط کرے گا۔ 
اس بیانِ حلفی میں اس امر کی تصدیق کی جائے گی کہ فراہم کردہ تمام معلومات اس کے علم اور یقین کے مطابق بالکل درست اور مکمل ہیں۔ مزید برآں، متعلقہ افسر کو اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر اور بینک کی جانب سے یہ ریکارڈ جمع کرانے کا مجاز ہونے کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔
عام صارفین اور ٹیکس دہندگان پر کیا اثر پڑے گا؟
معاشی اور ٹیکس قوانین کے مطابق، ان نئے قواعد کے ذریعے کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا ہے، تاہم اس اقدام سے ماہانہ بنیادوں پر بھاری رقوم خرچ کرنے والے صارفین براہِ راست ایف بی آر کی نگرانی میں آ جائیں گے۔

حالیہ برسوں میں حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے ڈیجیٹل اور کارڈ ٹرانزیکشنز کے حوالے سے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں (فوٹو: اے پی پی)

چونکہ اس نئے نظام کے تحت ہر صارف کے شناختی کارڈ نمبر اور این ٹی این کو اس کے ماہانہ کریڈٹ کارڈ بل کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا، اس لیے ٹیکس حکام کے لیے یہ جانچنا آسان ہو جائے گا کہ آیا کسی شخص کے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کیے جانے والے اخراجات اس کے سالانہ ٹیکس گوشواروں (ریٹرنز) میں ظاہر کردہ آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔ 
اُن کے خیال میں آمدن سے زائد اخراجات کی صورت میں ایف بی آر متعلقہ صارف کو نوٹس جاری کر کے  ذرائع آمدن کی وضاحت طلب کر سکے گا۔
دوسری جانب ایف بی آر حکام کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام ملک میں غیر دستاویزی معیشت کی حوصلہ شکنی، بڑی مالی ٹرانزیکشنز کی نگرانی اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے رپورٹنگ فریم ورک کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے ڈیجیٹل اور کارڈ ٹرانزیکشنز کے حوالے سے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں وفاقی بجٹ کے دوران غیر ملکی کریڈٹ کارڈ ٹرانزیکشنز پر عائد ٹیکس میں کمی اور کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول کرنے سے انکار کرنے والے کاروباری مراکز اور دکانوں کو سیل کرنے سے متعلق ایف بی آر کے انتباہات بھی شامل ہیں۔

 

شیئر: