پاکستانی فضائیہ کے فائٹر پائلٹ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے چین کے شین ژو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا میں جانے کی خبر پر سوشل میڈیا پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پاکستانی اور چینی صارفین سمیت معروف صحافیوں اور سیاست دانوں نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اس مشن کو دونوں ملکوں کے خلائی تعاون میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ پاکستانی فضائیہ کے فائٹر پائلٹ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی بدھ 25 نومبر کو چین کے ’شین ژو 24‘ خلائی مشن کے ذریعے خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے، جس کے ساتھ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے پاکستانی اور پہلے غیر ملکی خلاباز بن جائیں گے۔
چین کی خلائی ایجنسی (سی ایم ایس اے) کے مطابق شین ژو 24 خلائی جہاز بدھ 25 نومبر کو چین کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ بنتا ہے۔
اس تاریخی مشن میں چین کے خلاباز تانگ ہونگبو کمانڈر جبکہ وو یی سپیس فلائٹ انجینئر کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ محمد ذیشان علی سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
مشن سے قبل ایک پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے پاک چین خلائی تعاون کو ایک نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مشن ’اختتام نہیں بلکہ پاک چین خلائی تعاون کے لیے ایک لانچ پیڈ ہے۔‘
Answering a question from CGTN ahead of the Shenzhou-24 launch, Muhammad Zeeshan Ali, an astronaut from Pakistan, described the mission as "not a finish line" but "a launchpad" for China-Pakistan space cooperation. https://t.co/imIErRQFOU
— CGTN (@CGTNOfficial) November 24, 2026
دوسری جانب ذیشان علی کے خلا کے سفر کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی اور چینی صارفین کی جانب سے خوشی، فخر اور مبارکباد کے پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں۔
ایکس پر معروف صحافی حامد میر نے محمد ذیشان علی کی کامیابی کو پاکستان کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کے فائٹر پائلٹ محمد ذیشان علی آج خلائی شعبے کے ایک بڑے منصوبے کا مرکزی کردار ہونے کی وجہ سے عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔‘
Fighter pilot #MuhammadZeeshanAli from #Pakistan is the centre of international media attention today because he is a main character of a great #MegaProject in the space
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) November 24, 2026
چینی صحافی ’شین شی وے‘ نے پاک چین دوستی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’چین اور پاکستان کی دوستی آسمان سے بھی بلند ہے۔‘
انہوں نے شین ژو 24 کے عملے کا تعارف کراتے ہوئے ذیشان علی کو سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے پے لوڈ اسپیشلسٹ قرار دیا۔ ان کے مطابق ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہوں گے اور یہ واقعی ایک تاریخی سنگ میل ہے۔

پاکستانی سیاست دان ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’یہ پاکستان کے لیے انتہائی فخر اور اعزاز کا لمحہ ہے کہ ہمارے قابلِ فخر سپوت ونگ کمانڈر ذیشان علی چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کریں گے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ذیشان علی کا بطور پے لوڈ ایکسپرٹ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنا پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کی یہ کامیابی نوجوان نسل کے لیے بڑا حوصلہ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا پیغام ہے۔‘
یہ پاکستان کے لیے انتہائی فخر اور اعزاز کا لمحہ ہے کہ ہمارے قابلِ فخر سپوت ونگ کمانڈر ذیشان علی چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کریں گے۔ وہ پاک فضائیہ کے ایک باصلاحیت فائٹر پائلٹ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی صلاحیت، محنت اور عزم کی روشن مثال ہیں۔ ذیشان علی کا بطور پے لوڈ ایکسپرٹ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنا پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان کی یہ کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک بڑا حوصلہ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا پیغام ہے۔ میں ذیشان علی کو اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ دعا ہے کہ آپ کا یہ مشن کامیابی سے ہمکنار ہو اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم دنیا بھر میں مزید سربلند ہو۔ پاکستان زندہ باد!
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) November 24, 2026
ایک اور چینی صحافی ’ژائی شیانگ‘نے ذیشان علی کی کہانی پر اپنی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دو ملکوں کا ایک بڑا منصوبہ، ایک شخص کی بڑی کامیابی پاکستان کے بچوں کی ایک پوری نسل کے لیے تحریک ہے۔‘
@HamidMirPAK A mega-project for two nations. A giant leap for one man. An inspiration for an entire generation of Pakistani children. Here's my coverage of Ali's remarkable story. https://t.co/qIYQZltioB
— Zhai Xiang (@ZhaiXiang5) November 24, 2026
پاکستانی صارف ہنزلہ نے ذیشان علی کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کو آپ پر فخر ہے، محمد ذیشان۔‘

انہوں نے صحافی اجمل جامی کی ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں بتایا گیا تھا کہ چینی خلاباز تانگ ہونگبو، وو یی اور پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی 25 نومبر کو خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے۔
ایکس صارف عابد سواتی نے چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’ہم پاکستان کے خلائی پروگرام کو آگے بڑھانے اور فروغ دینے میں چین کی حمایت کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ چین ہر بحران اور مشکل صورت حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔‘
@CGTNOfficial We are truly thankful and grateful to China for its support in advancing and promoting Pakistan's space programme. China has always stood by Pakistan and supported it through every crisis and difficult situation.
— Abid Swati (@abid35623) November 24, 2026
ایکس پر ایک اور صارف میاں عاطف اقبال نے بھی دونوں ملکوں کے لیے اس موقع کو فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دونوں قوموں کے لیے فخر کا لمحہ ہے، پاک چین دوستی زندہ باد۔‘
اسی طرح خان کیرار نے چینی زبان میں پاک چین دوستی کے حوالے سے پیغام شیئر کیا، جس کا اردو ترجمہ ہے کہ ’چین اور پاکستان کی دوستی زندہ باد۔‘












