Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زائرہ وسیم کو ٹڈیوں کے حملے پر ٹویٹ کرنا مہنگا پڑ گیا

زائرہ وسیم سیاسی اور سماجی معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیتی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
مذہب کے لیے اداکاری کو خیرباد کہنے والی بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم یوں تو شوبز انڈسٹری کا حصہ نہیں رہیں مگر پھر بھی وہ سوشل میڈیا پر متحرک رہنے کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔
بالی وڈ کی 'دنگل گرل' زائرہ وسیم نے گذشتہ سال مذہب کے لیے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا تھا اور ان کے اس فیصلے کو کچھ لوگوں نے سراہا تو کچھ نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
اب زائرہ وسیم  ٹڈیوں کے حملوں کے بارے میں ٹویٹ کرنے پر ایک نئے تنازعے کا شکار ہو گئی ہیں۔ 
زائرہ وسیم سیاسی اور سماجی معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا سہارا لیتی ہیں مگر اب انہوں نے اپنا ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ زائرہ وسیم نے انڈیا میں ٹڈیوں کے حملوں سے متعلق ایک ٹویٹ کی تھی جس میں انہوں نے  ایک آیت کا حوالہ دیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے زائرہ وسیم کی اس ٹویٹ پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
نیوٹرل ایٹم کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'انہوں نے ایک ایسے ملک میں تڈیوں کے حملے کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی ہے جس نے انہیں کاسمو پولیٹن شہر میں مواقع فراہم کیے۔'

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'ایسی خون چوسنے والی جونکیں انڈیا میں ہی کیوں پیدا ہوتی ہیں۔'
سوشل میڈیا صارفین کے اس سخت ردعمل کے بعد زائرہ وسیم کو اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی تاہم اب انہوں نے اپنا ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کر دیا ہے۔

شیئر: