Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیشن شو واک آن لائن ہی دیکھی جا سکے گی

عرب فیشن ویک میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے معروف ڈیزائنرز شرکت کرتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
 کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں عالمی کانفرنسز، کھیلوں کے مقابلے اور دیگر ایونٹس منسوخ ہوئے ہیں وہیں فیشن انڈسٹری کو بھی دھچکا لگا ہے۔
دنیا بھر کے ممالک لاک ڈاؤن نافذ کرکے اس وبا پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔  چونکہ سماجی دوری کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے اس لیے فیشن کے ایونٹس بھی منعقد نہیں ہو رہے۔
ان حالات میں عرب فیشن کونسل نے 'عرب فیشن ویک' آن لائن منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق عرب فیشن کونسل نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ فیشن ویک 24 جون سے 26 جون تک آن لائن منعقد ہوگا۔

عرب فیشن کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیکب اربرین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'ہم نیا ڈیجیٹل انداز اپنا کر انقلاب لا سکتے ہیں جو ڈیجیٹل ٹرینڈز کے مطابق ہوگا۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہم اس اقدام کو مستقبل میں فیشن کے نظام کو صارفین کے لیے مزید پائیدار بنانے کی جانب ایک کامیاب قدم سمجھتے ہیں۔'
واضح رہے کہ عرب  فیشن ویک میں مشرق وسطی اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کے معروف ڈیزائنرز شرکت کرتے ہیں۔ اس فیشن ویک میں جدید ملبوسات کی نمائش کی جاتی ہے۔
 ریمپ پر واک کرتی ماڈلز کو صرف آن لائن دکھایا جائے گا اور انہیں سامنے دیکھنے کے لیے کوئی شخص موجود نہیں ہو گا۔
اے ایف ڈبلیو کی ویب سائٹ سے لوگ اپنے پسندیدہ ملبوسات کی آن لائن خریداری بھی کرسکیں گے۔ اس سے قبل دنیا کے بڑے اور معروف فیشن شوز میں شمار ہونے والے لندن فیشن ویک کی انتظامیہ نے بھی رواں برس منفرد فیشن شو منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: