Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی یمن کے لیے امدادی کانفرنس

آن لائن امدادی کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس ہوگی- فوٹو العربیہ نیٹ
سعودی عرب اقوام متحدہ کے اشتراک سے منگل 2 جون کو یمن 2020 کے لیے آن لائن امدادی کانفرنس منعقد کرے گا.
کانفرنس میں یمن کا انسانی بحران اجاگر کیا جائے گا جبکہ انسانی بنیادوں پر اہل یمن کی مدد کے لیے عطیات کا اعلان ہوگا.

امدادی کانفرنس شاہ سلمان اور ولی عہد کی ہدایت پر ہورہی ہے- فوٹو: سوشل میڈیا

یہ کانفرنس شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر منعقد کی جا رہی ہے.
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب نے امداد دینے والے ممالک سے کہا ہے کہ وہ اس عظیم انسانیت نواز کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے آگے آئیں اور آزمائش کی اس گھڑی میں یمن اور اس کے عوام کا ساتھ دیں۔
یمن کے لیے امدادی کانفرنس 2 جون کو سعودی عرب کے  مقامی وقت کے مطابق 4 بجے منعقد ہوگی. کارروائی مندرجہ ذیل لنکس http://webtv.un.org اور https://ksrelief.org/live پر انٹرنیٹ کے ذریعے براہ راست دکھائی جائے گی.

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان مملکت کا موقف پیش کریں گے- فوٹو: الاقتصادیہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس افتتاحی خطاب اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی عرب کا موقف پیش کریں گے.
آن لائن کانفرنس کے بعد ذرائع ابلاغ کے  نمائندوں کے سوالات کے جواب دینے کے لیے پریس کانفرنس ہوگی. اس میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے سیکریٹری مارک لوکوک شریک ہوں گے.
پریس کانفرنس  کی منتظم انتونیو گوتریس کی سیکریٹری برائے عالمی رابطہ جات میلیسیا فلیمنج ہوں گی.

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: