Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں لاک ڈاؤن میں نرمی

برازیل میں کورونا سے 27 ہزار 878 ہلاکتیں ہو چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 59 لاکھ 98 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تین لاکھ 67 ہزار سے زیادہ اموات واقع ہو چکی ہیں۔ امریکہ کے بعد برازیل میں بھی کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ انڈیا میں متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔
امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 17 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں متاثرین کی تعداد چار لاکھ 65 ہزار 166 ہو گئی ہے جبکہ 27 ہزار 878 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی ادارہ صحت سے تعلق ختم کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے سنیچر کو ڈبلیو ایچ او سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان فنڈز سے عالمی سطح پر ہنگامی پبلک ہیلتھ کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔
یورپی یونین نے صدر ٹرمپ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا کہا ہے۔

یورپ میں آہستہ آہستہ زندگی معمول پر آرہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کو عالمی سطح پر وبا سے نمٹنے دیا جائے، یہ وقت تعاون بڑھانے اور مشترکہ حل تلاش کرنے کا ہے۔ یورپی یونین نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والے نتائج کو کمزور کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ صدرٹرمپ نے عالمی ایجنسی کی فنڈنگ پہلے ہی معطل کر رکھی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ امداد امریکہ سے ہی ملتی ہے جو سالانہ 450 ملین ڈالر ہے۔
دوسری جانب ایشیائی خطے کے ممالک میں سے انڈیا میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جن کی تعداد ہمسایہ ملک چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ انڈیا نے سنیچر کو لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کیا ہے۔ 
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر کو عوام کو لکھے گئے خط میں اعتراف کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ملکی معیشت کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن بتدریج ختم کیا جائے گا، عبدت گاہیں، ہوٹل، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز 8 جون سے باقاعدہ طور پر کھول دیے جائیں گے۔ یہ ہدایات ان علاقوں پر لاگو نہیں ہوں گی جہاں وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے نقل و حرکت محدود کی ہوئی ہے۔

انڈیا میں 8 جون سے بتدریج لاک ڈاؤن ختم کر دیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

انڈین وزارت داخلہ کے مطابق فضائی سروس، سنیما اور سوئمنگ پولز فی الحال بند رہیں گے جبکہ کرفیو کے اوقات بڑھا کر شام 9 بجے سے کر دیے گئے ہیں۔
سری لنکا میں کرفیو کی خلاف ورزی اور بڑی تعداد میں سیاسی رہنما کے جنازے میں شرکت کے بعد کورونا کی وبا ایک مرتبہ پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔
55 ساله یونین رہنما اور وفاقی وزیر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ کرفیو کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ یونین لیڈر کا آخری دیدار کرنے کے لیے اکھٹے ہوئے تھے۔ سری لنکا میں اب تک پندرہ سو سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دس ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: