انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان بارڈر پر کشیدگی، زیرو لائن کے قریب سڑک کی تعمیر کے خلاف احتجاج
فلیگ میٹنگز کے دوران شدید احتجاج کے بعد بی ایس ایف نے سڑک کی تعمیر کا کام عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ (فوٹو: بشکریہ ڈیلی سٹار)
انڈیا کے بارڈر سکیورٹی فورس کی جانب سے بنگلہ دیش کے رنگپور ڈویژن کے ضلع کوریگرام کے ساتھ واقع سرحد پر زیرو لائن کے قریب سڑک کی تعمیر شروع کرنے پر سرحدی علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔
بنگلہ دیشی اخبار ڈیلی سٹار کے مطابق بی ایس ایف کے اقدام کے خلاف بنگلہ دیش کے سرحدی علاقے کے رہائشیوں اور بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) نے شدید احتجاج کیا۔
رپورٹ کے مطابق انڈیا کی بارڈر سکیورٹی فورس نے جمعرات کو ضلع کوریگرام کے پھلباری اپازلہ کے خلیشاکوٹل سرحدی مقام پر زیرو لائن کے قریب سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا۔
اخبار نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا جمعرات کو دوپہر کے وقت سرحدی علاقے میں کشیدگی اس وقت بڑھی جب بی جی بی اور بی ایس ایف کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی۔ اگرچہ اس ملاقات کے بعد صورتحال عارضی طور پر پُرسکون ہو گئی، تاہم بعد ازاں دوپہر کے وقت کشیدگی اس وقت دوبارہ پھیل گئی جب سڑک کی تعمیر کا کام جاری رہا۔
اس موقع پر مقامی افراد چھریاں، کلہاڑیاں، بیلچے، درانتی اور لکڑی کے ڈنڈے لے کر سرحدی علاقے میں جمع ہو گئے اور بی جی بی اہلکاروں کے ساتھ کھڑے رہے اور زیر لائن کے قریب تعمیرات کے خلاف احتجاج شروع کیا۔
کشیدگی میں اضافے کے بعد جمعرات کی شام دونوں فورسز کے درمیان ایک اور فلیگ میٹنگ منعقد کی گئی۔
تاہم جمعے کی صبح صورتحال ایک بار پھر اس وقت خراب ہوگئی اور لوگ دوبارہ سرحدی علاقے میں جمع ہونے لگے اور انڈیا کے خلاف احتجاج شروع کیا۔ تاہم رپورٹ کے مطابق جی بی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا جس کے بعد ایک بار پھر زیرو لائن کے قریب بی ایس آیف اور بی جے بی کے درمیان پُرامن بات چیت ہوئی۔
بی جی بی کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر بین الاقوامی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جن کے تحت زیرو لائن سے 150 گز کے اندر کسی بھی مستقل یا عارضی تعمیر کی اجازت نہیں ہے۔
بی جی بی کیمپ بالارہٹ کے کمانڈر نے اخبار کو بتایا کہ ’جمعے کی صبح زیرو لائن پر بی ایس ایف کے ساتھ پُرامن بات چیت ہوئی ہے۔ فی الحال انہوں نے سڑک کی تعمیر روک دی ہے، جبکہ سرحدی علاقے میں ہم ہائی الرٹ پر ہیں۔‘
بی جی بی بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل مہدی امام نے دوپہر کے وقت موقع کا دورہ کیا اور عوام سے پُرسکون رہنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا صورتحال اس وقت قابو میں ہے۔ بٹالین کمانڈر کی سطح پر فلیگ میٹنگ 13 جنوری کو ہوگی، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
فلیگ میٹنگز کے دوران شدید احتجاج کے بعد بی ایس ایف نے سڑک کی تعمیر کا کام عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
