Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں سینکڑوں پولیس اہلکار کورونا کا شکار

سب سے زیادہ کورونا کے کیسز مغربی ریاست مہاراشٹر میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں گذشتہ ایک دن میں تقریباً آٹھ ہزار نئے کورونا پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کووڈ پازیٹو کے ایک لاکھ 73 ہزار سے زیادہ کیسز ہو گئے ہیں۔
وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وبائی مرض سے 82 ہزار لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 86 ہزار افراد اب بھی اس کی زد میں ہیں۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 سے مزید 265 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جو کہ اب تک کی ایک دن میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ملک میں مجموعی طور پر کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تقریباً پانچ ہزار ہو گئی ہے۔
گذشتہ دو دنوں سے دہلی میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ کورونا کے کیسز مغربی ریاست مہاراشٹر میں ہیں جہاں 62 ہزار سے زیادہ لوگوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر جنوبی ریاست تامل ناڈو ہے جبکہ تیسرے نمبر پر وفاقی دارالحکومت دہلی ہے۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر میں کورونا کی وجہ سے ہنگامی صورت حال ہے اور ملک کا اقتصادی دارالحکومت کہلانے والا شہر ممبئی بھی اس کی زد میں ہے۔
ممبئی کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے سہولیات کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ یہی حال دہلی کا بھی ہے جہاں کئی بڑے ہوٹلوں کو کورونا کا علاج کرنے والے نجی ہسپتالوں سے جوڑ دیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق فائیو سٹار ہوٹل میں ایک بیڈ کا ایک دن کا خرچ پانچ ہزار روپے ہوگا جبکہ فور سٹار یا تھری سٹار ہوٹل میں کورونا کے ایک بیڈ کا خرچ چار ہزار روپے آئے گا۔

انڈیا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً پانچ ہزار ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری طرف نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کی حالت کے بارے میں روزانہ شہ سرخیاں بن رہی ہیں جس سے ایسا لگتا ہے کہ ان کی تکالیف کا کبھی نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔
ملک میں لاک ڈاؤن 31 مئی کو ختم ہو رہا ہے تاہم جس طرح روزانہ کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اس کے پیش نظر ماہرین کا خیال ہے کہ یکم جون سے لاک ڈاؤن کا پانچواں دور شروع ہوگا۔
انڈیا کی خستہ حال معیشت کو رفتار دینے کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کئی گئی ہے تاہم کورونا کے اثرات انسانی جانوں سے زیادہ انڈیا کی معیشت پر نظر آنے والے ہیں کیونکہ ہر شعبے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے گراوٹ دیکھی جا رہی ہے اور بے روزگاری میں بھی روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق گذشتہ دو ماہ کے دوران کروڑوں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔
مہاراشٹر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 114 پولیس والوں میں کورونا کے مثبت نتائج آئے ہیں۔ اب تک پورے مہاراشٹر میں سوا دو ہزار سے زیادہ پولیس والے اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 26 پولیس والوں کی موت بھی ہو چکی ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دوسرے دور کا ایک سال پورا ہونے پر قوم کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں انھوں نے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا ہے تاہم انھوں نے کسانوں اور مزدورں کی پریشانیوں کا ذکر کیا ہے۔

شیئر: