Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز کا پروازیں بحال کرنے کا اعلان

کورونا وائرس کے باعث مارچ سے پروازوں کا سلسلہ معطل تھا (فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں ایمریٹس ایئر لائنز اور اتحاد ایئر لائنز نے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے ٹرانزٹ فلائٹس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان حکومت کی جانب سے ملکی ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ پروازوں کی اجازت دیے جانے کے بعد کیا گیا۔ 
ایمریٹس نے 29 مقامات کے لیے دبئی کے راستے ٹرانزٹ فلائٹس دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا جبکہ اتحاد نے یورپ، ایشیا اور آسٹریلیا کے 20 شہروں کے لیے فلائٹس کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز مطابق امارات ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے مسافر 8 جون سے امارات ایئرلائنز کے ذریعے دبئی سے دیگر مقامات پر ٹرانزٹ فلائٹس بک کرا سکتے ہیں۔

امارات ایئرلائنز 15 جون سے مزید 16 مقامات کے لیے ٹرانزٹ پروازیں چلائے گی (فوٹو: عرب نیوز)

لندن ہیتھرو، فرینکفرٹ، پیرس ، میلان ، میڈرڈ، شکاگو ، ٹورنٹو، سڈنی ، میلبورن اور منیلا کے لیے پروازیں 11 جون سے دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔

میلبورن اور منیلا کے لیے پروازیں 11 جون سے دوبارہ شروع ہو رہی ہیں(فوٹو العربیہ)

ایمریٹس 15 جون سے مزید 16 مقامات کے لیے جن میں بحرین ، مانچسٹر ، زیورخ ، ویانا ، ایمسٹرڈیم ، کوپن ہیگن ، ڈبلن ، نیو یارک جے ایف کے ، سیئول ، کوالالمپور، سنگاپور، جکارتہ ، تائپی، ہانگ کانگ، پرتھ اور برزبن شامل ہیں وہاں کے مسافروں کو ٹرانزٹ سہولت کے لیے اپنی پروازیں شروع کرے گی۔

کورونا وائرس کے باعث مارچ سے ٹرانزٹ فلائٹس کا سلسلہ معطل تھا (فوٹو: العربیہ)

امارات ایئر لائنز کا کہنا ہے متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ’دبئی اور دنیا کے مابین پروازوں کی بحالی کا سلسلہ مرحلہ وار دوبارہ شروع ہو سکے۔‘ 
خلیجی ریاست میں کورونا وائرس کے باعث مارچ 2020 سے ٹرانزٹ فلائٹس کا سلسلہ معطل تھا۔
دوسری طرف ترکی بھی جون میں 40 کے قریب ممالک کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق ترکی نے اس حوالے سے 15 ممالک کے ساتھ باہمی ہوائی سفر کے معاہدے بھی کر لیے ہیں۔
اس کے علاوہ قطر بھی جلد بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے جا رہا ہے۔

شیئر: