Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الازہر کا فتوٰی: ’باجماعت نماز اور نماز جمعہ منسوخ ہو سکتی ہے‘

جامعہ الازہر کے فتوے میں کہا گیا ہے کہ موذن ترمیم شدہ اذان دیں (فوٹو: روئٹرز)
جامعہ الازہر مصر کی سپریم کونسل نے مصدقہ طبی معلومات اور انسانی زندگی کے تحفظ کے عظیم تر مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے باجماعت نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے باضابطہ فتویٰ جاری کردیا ہے۔
فتوے میں کہا گیا ہے کہ تمام شواہد واضح طور پر اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عوامی اجتماعات بشمول باجماعت نماز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بنتے ہیں۔
'اسلامی ممالک میں سرکاری حکام کو باجماعت نماز اور نماز جمعہ منسوخ کرنے کا پورا اختیار ہے۔ اس سلسلے میں درپیش حالات کو مدنظر رکھا جائے، موذن حضرات کو (گھروں میں نماز ادا کریں) کے ساتھ ترمیم شدہ اذان دینی چاہیے جبکہ اہل خانہ اپنے گھروں میں باجماعت نماز ادا کر سکتے ہیں۔'

 

مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ خاص طور پر بحران کی صورت حال میں طبی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مجاز ریاستی حکام کے احکامات کی پیروی کریں اور غیر سرکاری ذرائع سے اطلاعات اور افواہوں سے پرہیز کریں۔
واضح رہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں مصر کے سفیر کے ذریعے شیخ الازہر سے کورونا وائرس کی وبا کے سلسلے میں مذہبی فرائض کی ادائیگی سے متعلق رہنمائی کی درخواست کی تھی۔
فتوے میں مزید کہا گیا ہے کہ 'حالیہ کورونا کی وبا سے متعلق مصدقہ طبی معلومات ہیں کہ یہ وائرس بہت آسانی اور تیزی سے پھلیتا ہے، اور یہ کہ انسانی زندگیوں کو بچانا اور انہیں تمام خطرات سے محفوظ رکھنا اسلامی قوانین کے عظیم مقاصد میں سے ہے۔'
'ان مقاصد کی تکمیل کے لیے علما سپریم کونسل یہ فتوٰی جاری کرتی ہے کہ ہر اسلامی ملک میں ریاستی عہدے داروں کو اجازت ہے کہ وہ تمام عوامی اجتماعات بشمول باجماعت نماز اور نماز جمعہ پر وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور لوگوں کی اموات کے خدشے کے پیش نظر قانونی طور پر پابندی لگا سکتے ہیں۔'
فتوے میں کہا گیا ہے کہ 'معمر افراد اپنے گھروں میں رہیں، باجماعت نماز اور نماز جمعہ میں شرکت نہ کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ اسلامی قانون تمام مسلمانوں کی فلاح اور حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔'
فتوے کے مطابق موذنوں سے کہا گیا ہے کہ 'وہ اذان میں ترمیم کریں تاکہ لوگ اپنے گھروں میں نماز ادا کریں اور بارش میں مسجد جانے سے اجتناب کریں۔جیسا کہ یہ وبا بارش سے زیادہ خطرناک ہے اس لیے باجماعت نماز اور نماز جمعہ پر پابندی کی اجازت ہے۔'

فتوے میں کہا گیا ہے کہ لوگ اپنے گھروں پر نماز کا اہتمام کریں (فوٹو: ٹوئٹر)

فتوے میں کہا گیا ہے کہ پیغمبر اسلام نے بھی فرمایا تھا کہ 'بیماری کا خوف باجماعت نماز چھوڑنے کے لیے عذر ہے۔'
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اس فتوے کی بنیاد پر علما اور حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ جلد سے جلد ان ہدایات کی روشنی میں احکامات جاری کریں۔

شیئر: