Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جارج فلوئیڈ بھی کورونا وائرس کا شکار تھے

جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں کو امریکہ کی حالیہ تاریخ میں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست منیسوٹا میں پولیس کی حراست میں ہلاک ہونے والے سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ بھی کورونا وائرس کا شکار تھے۔ یہ انکشاف ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جارج فلوئیڈ جن کی پولیس کی حراست میں ہلاکت کے بعد امریکہ سمیت کئی ممالک میں مظاہرے ہوئے، کورونا وائرس سے متاثر تھے تاہم ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ یہ نہیں لکھی گئی۔
روئٹرز کے مطابق سرکاری طور پر جاری کی گئی 20 صفحات پر مشتمل پوسٹمارٹم رپورٹ میں میڈیکل ایگزامنر کے دفتر نے لکھا ہے کہ جارج فلوئیڈ کی موت دل کے دورے سے ہوئی۔
واضح رہے کہ 25 مئی کو سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی موت اس وقت ہوئی تھی جب ان کو حراست میں لینے والے پولیس اہلکار نے ان کی گردن پر اپنا گھنٹا رکھا تھا۔
جارج فلوئیڈ کی موت کو قتل قرار دیا گیا ہے اور منیسوٹا کے شہر منی ایپلس کے چار پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر کے گرفتار کیا گیا۔ پولیس اہلکاروں پر فوجداری ضابطے کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے جبکہ ایک اہلکار پر قتل کی دفعہ بھی لگائی گئی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجوہات کا تعین کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ جارج فلوئیڈ کو دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر اور گردن پر دباؤ بھی تھا۔
رپورٹ کے مطابق جارج فلوئیڈ کے جسم سے لیا گیا کورونا ٹیسٹ کے نمونے کا نتیجہ مثبت آیا ہے اور ان کا موت سے آٹھ ہفتے قبل تین اپریل کو کیا گیا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

عوامی احتجاج اور پرتشدد مظاہروں کے بعد پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے فرد جرم عائد کی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد منیسوٹا کے شہر منی ایپلس سے شروع ہونے والے مظاہرے امریکہ کی کئی ریاستوں میں پھیل چکے ہیں۔ نیویارک سے لے کر لاس اینجلس تک ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل کر نسلی امتیاز کے خلاف نعرے بلند کر رہے ہیں۔ 
جارج فلوئیڈ کی فیملی نے ایک بیان میں ملزمان کی گرفتاری اور پولیس اہلکاروں پر نئی فرد جرم کو تلخ واقعے کے بعد ایک اچھا لمحہ قرار دیا تھا اور اسے انصاف کے حصول کی طرف پیش قدمی کہا۔
انہوں نے امریکیوں پر زور دیا کہ وہ تبدیلی کے لیے اپنی آواز پرامن طریقے سے بلند کریں۔

شیئر: