Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کا جغرافیہ تیزی سے بدل رہا ہے

30 مئی دنیا بھر سے کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے (فوٹو:اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد پہلے سے کئی گنا زیادہ تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، وہ ممالک جو پہلے اس وبا سے بری طرح متاثر ہوئے تھے، اب وہاں اس وبا کا زور کم ہو رہا ہے مگر دنیا بھر میں نئے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ہر دن 100،000 نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔  
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے ڈیٹا بیس کے مطابق گذشتہ دو ہفتوں کے دوران وبا میں کمی رپورٹ کرنے والے ممالک کے مقابلے میں دوگنا ممالک میں وبا میں اضافہ ہوا ہے۔
30 مئی کو دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ ایک لاکھ 34 ہزار 64 کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ اب تک ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
کورونا کیسز میں اضافہ لاطینی امریکہ، افریقہ، ایشیا اور مشرق وسطی میں کورونا وائرس کے ہاٹ سپاٹس سامنے آنے کے بعد ہوا ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق مجموعی طور پر دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 65 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک تین لاکھ 80 ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سے ایک چوتھائی سے زائد اموات صرف امریکہ میں ہوئی ہیں تاہم اب اس وبا کا جغرافیہ تیزی سے بدل رہا ہے۔  

کچھ ممالک میں کورونا کے کیسز میں اضافے کو بہتر ٹیسٹنگ پروگرام سے منسوب کیا جا رہا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

کچھ ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کو بہتر ٹیسٹنگ سے منسوب کیا جا رہا ہے لیکن بہت سے علاقوں میں ایسا لگتا ہے کہ وائرس اب مہلک قوت کے ساتھ پہنچا ہے۔
برازیل میں امریکہ کی طرح ہی روزانہ کافی تعداد میں ہلاکتیں رپورٹ ہو رہی ہیں۔ مصر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور انڈونیشیا میں پہلی بار کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق منگل تک لاطینی امریکہ کے سب سے بڑے ملک برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہوگئی تھی۔ منگل کو ملک میں ایک دن میں کورونا سے سب سے زیادہ 1262 اموات رپورٹ ہوئیں۔
برازیل کے صدر جائر بولسونارو نے کہا ہے کہ 'ہمیں تمام افراد کی ہلاکتوں پر افسوس ہے مگر سب کی تقدیر یہی ہے۔'
برازیل میں اب تک کورونا کے پانچ لاکھ سے زائد مریض رپورٹ چکے ہیں۔ مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے برازیل امریکہ کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
پیرو میں وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جانے کے باوجود یہاں اب تک ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے برازیل امریکہ کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اگرچہ 5 ہزار افراد ہی کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں مگر مئی کے مہینے میں معمول کے مقابلے میں 14 ہزار زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
عرب دنیا کا آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ملک مصر ابتدا میں کئی ماہ تک اس وبا سے بچا رہا مگر مارچ کے اوائل میں نائل ٹور کشتی میں سوار 45 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا۔ اس کے بعد سے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھنا شروع ہوئی جو منگل تک ساڑھے 27 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔
 اسی طرح جنوبی افریقہ میں بھی کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ایشیائی ممالک میں بھی کورونا کے مریض بڑھ رہے ہیں۔
بنگلہ میں اب تک 55 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 85 ہزار سے بڑھ گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)

پاکستان میں کورونا متاثرین چین سے بھی زیادہ

پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے بڑھ گئی ہے۔
جمعرات کو پاکستان میں کورونا وائرس کے چار ہزار 688 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 85 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ملک میں بدھ کے روز 82 اموات بھی ہوئی ہیں۔
جمعرات کی صبح جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد ایک ہزار 770 ہو گئی ہے۔
چین جہاں سے اس وائرس کا آغاز ہوا وہاں اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی کل تعداد 84 ہزار ایک سو سے زائد ہے۔

شیئر: