Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی 20 کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے 21 ارب ڈالر کا پیکیج

مالی تعاون سے وائرس کی تشخیص، ویکسین اور تحقیقی اقدامات ہوں گے(فوٹو سعودی گزٹ)
سعودی عرب کی سربراہی میں جی ۔ 20 ممالک کی تنظیم نے دنیا بھر میں پھیلے مہلک مرض کورونا وائرس سے بچاو کے لیے 21 ارب ڈالر سے زیادہ امدادی پیکج کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق  جی۔ 20 گروپ نے یکجہتی کے ساتھ یہ ظاہر کیا ہے کہ ہم کورونا وائرس سے بچاو کے لیے دنیا بھر کو امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور مہلک مرض میں مبتلا افراد کی جانوں کی حفاظت کے لئے ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔

سعودی عرب نے رواں سال جی۔ 20  تنظیم کی صدارت کا عہدہ سنبھالا ہے(فوٹو عرب نیوز)

سعودی عرب کی سربراہی میں جی ۔20 کے غیر معمولی اجلاس کے بعد اس گروپ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں مدعو ممالک کے ساتھ مل کر اس وبائی مرض کورونا کے خلاف جنگ کی حمایت کرنے کے لیے عالمی کوششوں کی تعریف کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی صحت  کے لیے جی 20 ممبران اور مدعو ممالک کی جانب سے مالی اعانت کے لئے 21  ارب  ڈالر سے زیادہ کا تعاون سب کے فائدے کے لیے ہے۔

کورونا کے خلاف جنگ کی حمایت پرعالمی کوششوں کی تعریف کی گئی(فوٹو سعودی گزٹ)

اس مالی تعاون کے تحت کورونا وائرس کی تشخیص ، ویکسین ، علاج معالجے  کے ساتھ ساتھ تحقیقی اقدامات کئے جائیں گے۔
یہ امداد  قومی ، علاقائی اور عالمی ہنگامی صورتحال اور  اس سے نمٹنے کے ردعمل میں معاون ثابت ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے  کہ جی۔ 20 ممبران اور مدعو ممالک نے کم آمدنی والے ممالک میں انسانی ہمدردی کی کوششوں اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں نمایاں  کارکردگی دکھائی ہے۔

غریب ممالک میں صحت نظام کو مضبوط بنانے میں کردار اد ا کر رہے ہیں(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی عرب نے رواں سال جی۔ 20  تنظیم کی صدارت کا عہدہ سنبھالا ہے۔ اس تنظیم کی میزبانی  کا پہلی مرتبہ عرب  ممالک کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔
اس تنظیم کی جانب سے تین مقاصد کا اعلان کیا  گیا ہے جن میں  لوگوں کو بااختیار بنانا ، خاص طور پر خواتین اور نوجوانوں کو اور کرہ ارض  کی حفاظت اور خاص طور پر جدت اور ٹیکنالوجی سے متعلق نئے محاذوں کی تشکیل  دینا شامل ہیں ۔
جی 20 ممبران اور مدعو ممالک  کم آمدنی والے غریب ممالک میں انسانی ہمدردی کی کوششوں اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار اد ا کر رہے ہیں۔
سعودی عرب نے  جی۔ 20 کے پلیٹ فارم سے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ  کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھیں اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں۔
اس نے ساتھ ساتھ صحیح  رخ کا تعین کریں تاکہ مستقبل میں  کسی عالمی وبائی امراض  کا بہتر طور پر سامنا کیا جا سکے  اور بھاری معاشی اخراجات سے بچا جا سکے۔
 

شیئر: