Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرا خیال تھا کہ کرینہ اور سیف پڑھے لکھے ہیں‘

سوشل میڈیا صارفین سیف علی خان اور کرینہ پر تنقید کر رہے ہیں (فوٹو: دی کوئنٹ)
انڈیا کی مختلف ریاستوں نے لگ بھگ دو ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو محدود سرگرمیوں کی اجازت دی تو سماجی فاصلوں کے اصولوں کو بھول کر سینکڑوں لوگ ممبئی کے میرین ڈرائیو پر اکھٹے ہوگئے۔
شوبز خبروں کی انڈین ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق بالی وڈ کی نٹ گھٹ اداکارہ کرینہ کپور اور ان کے شوہر اداکار سیف علی خان بھی اپنے بیٹے تیمور کے ہمراہ میرین ڈرائیو پر دیکھے جانے والے سینکڑوں لوگوں میں شامل تھے۔
اتوار کو ان کی تصاویر اور ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکار جوڑے کو بچے کو ساتھ لے کر گھر سے باہر نکلنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کے باعث کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بالی وڈ کے مشہور جوڑے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیف علی خان نے بیٹے تیمور کو کندھوں پر اُٹھا رکھا ہے جبکہ کرینہ کپور تازہ ہوا سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیف اور کرینہ نے تو ماسک پہن رکھا ہے مگر تیمور کے چہرے پر ماسک نہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کرینہ کپور اور سیف علی خان پر تنقید بھی اسی سوال کے ساتھ شروع ہوئی کہ 'ماسک کہاں ہے؟'

ایک صارف نے پوچھا کہ 'تیمور نے ماسک کیوں نہیں پہنا؟' جبکہ ایک دوسرے صارف نے کہا کہ ماسک کے بجائے اب بھی سن گلاسسز پہننا سلیبرٹیز کی ترجیح ہے، وہ بھی اس شہر میں جہاں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
ایک اور صارف ابھریما سنگھ نے ہنستے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا کہ 'صیحح ہے، انگلینڈ گھومنے والے اب گھومیں ممبئی میں۔'
نیہا شیروف نامی ایک صارف نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ان کا خیال تھا کہ کرینہ اور سیف پڑھے لکھے ہیں۔

شیئر: