Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خصوصی پروازوں سے 50 ہزار کے قریب سعودیوں کی واپسی

مختلف ممالک میں 19 ہزار شہری اپنی باری کے منتظر ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
 سعودی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے پھیلنے کے بعد سے اب تک 51 ممالک سے 47 ہزار پانچ سو سعودی شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن پہنچایا جا چکا ہے۔
 ویب نیوز سبق کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے یومیہ بنیاد پر منعقدہ پریس کانفرنس میں موجود وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد بین الاقوامی فضائی سفر پر پابندیاں عائد کردی گئی تھیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مملکت لانے کے لیے خصوصی شاہی فرمان جاری ہوا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اب تک دو سو 50 خصوصی پروازوں کے ذریعے 51 ممالک سے 47 ہزار 500 ہم وطنوں کو واپس لایا جا چکا ہے جبکہ ابھی 19 ہزار شہری اپنی باری کے منتظر ہیں جو مختلف ممالک میں مقیم ہیں۔
ایک سوال پر ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یومیہ چار سے پانچ پروازیں مملکت پہنچ رہی ہیں جن میں سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھا جاتا ہے اس حساب سے 60 فیصد سیٹیں ہی مسافروں کے لیے مخصوص ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک 85 ہزار ایک سو سات شہریوں نے واپس آنے کے لیے رجسٹر کرایا ہے۔
واضح رہے کورونا وائرس کی وبا کے بعد بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے مختلف ممالک میں مقیم سعودیوں کو واپس لانے کےلیے ایوان شاہی سے خصوصی احکامات جاری ہونے پر السعودیہ ائیر کی خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودیوں کو لانے کا بندوبست کیا گیا۔

یومیہ چار سے پانچ پروازیں مملکت پہنچ رہی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

 وزارت خارجہ نے مختلف ممالک میں مقیم اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر خصوصی پورٹل جاری کیا جس میں واپسی کے خواہشمندوں کا اندراج کرانا تھا۔
مختلف ممالک میں مقیم سعودیوں کی واپسی کے تمام انتظامات وزارت خارجہ کے ذمہ ہیں جن میں بیرون ملک میں انکے قیام وطعام کےعلاوہ سفری سہولتیں فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
جو شہری واپس پہنچتے ہیں ان کا ایئر پورٹس پر موجود وزارت صحت کا طبی عملہ معائنہ کرتا ہے بعدازاں انہیں آئسولیشن سینٹر یا قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

شیئر: