Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا ہم یہ امیج سیاحوں کو دکھانا چاہتے ہیں؟‘

سوشل میڈیا پر مارگلہ کے پہاڑوں کے دامن میں کچرے کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
قدرتی مناظر کے دلدادہ افراد کے لیے مارگلہ ہلز میں بہت کشش ہے اسی لیے مختلف ممالک سے سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ مقامی افراد بھی مارگلہ میں ہائیکنگ اور پکنک منانے کے لیے آتے ہیں لیکن جاتے ہوئے اس خوبصورت جگہ پر کوڑا کرکٹ پھیلا دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایسی ہی کچھ تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں جن میں مارگلہ کے پہاڑوں کے دامن میں پلاسٹک کی بوتلیں اور کچرا نظر آ رہا ہے۔

پاکستان کی مشہور اداکارہ مہوش حیات نے بھی یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خوبصورت جگہ کی صفائی کا خیال رکھیں۔
اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ 'مجھے مارگلہ کی پہاڑیوں پر جانا بہت پسند ہے لیکن مجھے ہمیشہ یہ کچرا دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے۔ میں اسلام آباد کے لوگوں سے یہ امید کرتی ہوں کہ وہ قدرتی حسن سے مالا مال ان جگہوں کو صاف رکھیں گے۔ کیا یہ وہ امیج ہے جو ہم یہاں آنے والے سیاحوں کو دکھانا چاہتے ہیں؟'

مہوش حیات کی اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے ماحول کے تحفظ کو ہر کسی کی ذمہ داری قرار دیا۔

می چاندرا کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'یہ ان جگہوں پر جانے والے ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں صاف رکھے۔'

ایک اور صارف ڈاکٹر زاہد محمود نے لکھا کہ 'یہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔ یہ حکومت کا بھی فرض ہے اور ان تمام لوگوں کا بھی جو یہاں آتے ہیں۔'
پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلیمور نے بھی بروتی کے نام سے مشہور سیاحتی مقام کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ 'برائے مہربانی اسلام آباد کے لوگ ماحول کا خیال رکھیں۔ بروتی کے مقام کا دورہ کرکے مجھے سخت مایوسی ہوئی کیونکہ ہر جگہ کچرے سے بھری ہوئی تھی۔'

شیئر: