Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب:آٹھویں جماعت تک طلبہ اگلی کلاسوں میں پروموٹ

طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کورونا وبا کی وجہ سے لیا گیا ہے (تصویر : اے ایف ہی )
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں سرکاری اور نجی سکولوں کے تمام طلبہ کو سالانہ امتحانات لیے بغیر اگلی کلاسوں میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اس حوالے سے جاری ہونے والا نوٹیفیکشن بھی شئیر کیا ہے۔
یہ نوٹیفیکشن شئیر کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر تعلیم نے لکھا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
نوٹفیکشن میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف پنجاب میں آٹھویں جماعت تک کے طلبا کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نویں سے دسویں اور گیارہویں سے بارہویں میں پروموٹ ہونے والے طلبہ کے حوالے سے بتایا تھا کہ وہ  کمبائنڈ پیپرز نہیں دیں گے بلکہ اگلے سال صرف دسویں اور بارہویں کا امتحان دیں گے۔
پنجاب میں طلبہ کو پروموٹ کیے جانے کا نوٹیفیکشن سامنے آںے کے بعد سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر اکثر صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ وبا سے قبل لیے گئے امتحانات میں فیل ہونے والے طلبہ کو بھی پروموٹ کرنا چاہیے تاکہ ان کا ایک سال ضائع ہونے سے بچ جائے۔
ٹوئٹر صارف طلحہ چوہدری کا کہنا تھا کہ ’کیا یونیورسٹیوں کے طالبعلم انسان نہیں ہیں کیا یونیورسٹی کے طلبا کو کورونا نہیں ہوتا، آپ لوگ بے حس ہیں یا جان بوجھ کر بن رہے ہیں؟ اگر پروموٹ نہیں کر سکتے تو یونیورسٹیوں کو ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کھول دیں تاکہ جو فیسیں ہم نے دی ہیں ان کو حلال کر سکیں ورنہ ہمارے مطالبات پر بھی غور کریں۔'

ٹوئٹر صارف فاہد نے سوال اُٹھایا کہ انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو پروموٹ کیے جانے کے حوالے سے فیصلے کا حتمی نوٹیفیکشن کب آئے گا؟

گذشتہ ماہ ہونے والی پریس کانفرس میں وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گیارہویں کے رزلٹ سے مطمئن نہ ہونے والے طلبہ ستمبر، نومبر میں سپیشل امتحان دے سکیں گے۔ اسی طرح جو کمپوزٹ امتحان دے رہے تھے اور ان کا گیارہویں کا نتیجہ نہیں تھا وہ بھی ستمبر اور نومبر میں امتحان دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’جو طلبہ صرف چند مضامین میں ہی پاس ہو سکے وہ بھی ستمبر اور نومبر میں امتحان دے پائیں گے، اسی طرح جو 40 فیصد سے زیادہ میں فیل ہوئے وہ بھی ان دنوں میں امتحان سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اگر وہ سپیشل امتحان دینا چاہتے ہیں تو یکم جولائی تک اپنے اپنے بورڈز کو مطلع کر دیں
خیال رہے کورونا وبا کی وجہ سے قومی رابطہ کمیٹی نے تمام تعلیمی اداروں کو پندرہ جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: