Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھیلوں پر پابندی ختم مگر شرائط کی پابندی لازمی

سپورٹس کلبز مقررہ ایس او پیز پرعمل درآمد کے پابند ہوں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کھیلوں پر عائد پابندیاں 21 جون سے ختم کی جا رہی ہیں۔ وزارت کھیل کی جانب سے منظوری جاری کردی گئی۔ ٹریننگ اور سپورٹس کی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی مگر وزارت صحت کی مقررہ شرائط کی پابندی کرنا لازمی ہوگا۔
وزارت کھیل کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں سپورٹس کلبز کو ٹریننگ اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے جس میں سب سے اہم شرط تماشائیوں کی غیر حاضری ہے۔
یاد رہے کہ وزارت کھیل نے کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے 14 مارچ 2020 سے سعودی عرب کے تمام شہروں میں کھیلوں ، ٹریننگ اور ٹورنامنٹس پرتاحکم ثانی مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے سٹیڈیمز بھی عارضی طور پر بند کر دیے تھے۔

مقررہ ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی (فوٹو: ٹوئٹر)

اس ضمن میں وزارت کھیل کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’ملک میں وبائی مرض کورونا کے انسداد کی کمیٹی سے رابطہ کر نے کے بعد مختلف امور کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا گیا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی مشروط اجازت دے دی جائے‘۔
وزارت نے مزید کہا ہے کہ تمام سپورٹس کلبز اس امر کی یقین دہانی کرائیں گے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مقررہ ایس او پیز پرمکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔سپورٹس کی کسی بھی سرگرمی میں تماشائی نہیں ہوں گے، علاوہ ازیں مقررہ کمیٹی کی جانب سے جاری ہدایات پر مکمل عمل کرنا لازمی ہوگا۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت کھیل سعودی یونین آف سپورٹس کمیٹی کے تعاون سے مرتب کیے جانے والے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کے عمل کو جاری رکھے گی۔

کھیلوں کی سرگرمیاں تماشائیوں کے بغیر جاری رکھی جائیں گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس ضمن میں وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے فوری طور پر نگران کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی ہے جو سپورٹس سرگرمیوں کے دوران مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ سے مسلسل وزارت کو مطلع کرے گی۔

شیئر: