Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خصوصی پروازیں ، پی آئی اے کے ٹکٹ کے لیے نئی پالیسی

ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارتخانے یا قونصلیمٹ آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں پاکستان کے سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کے ٹکٹ کے لیے نئی پالیسی جاری کی ہے۔
بیان کے مطابق سعودی عرب سے واپسی کے خواہشمند پاکستانی خصوصی پروازوں کے لیے ٹکٹ اب پی آئی اے آفس، مجاز ٹریول ایجنٹس، قومی ایئر لائنز کی ویب سائٹ، اور پی آئی اے کی ایپ  کے ذریعے حاصل کرسکیں گے۔ 
بیان میں کہا کہ اب پاکستانیوں کو ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارتخانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خصوصی پروازوں کے لیے ٹکٹ سفارتخانے اور قونصلیٹ میں موجود پی آئی اے کا عملہ جار ی کر رہا تھا۔
سفارتخانے سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’حکومت پاکستان نے سعودی عرب کے تمام شہروں سے اسلام آباد ، لاہور، پشاور، فیصل آباد ، کراچی اور ملتان کے لیے یکطرفہ کرایہ فکس کرایا ہے‘۔
’سعودی عرب سے واپسی کا اکانومی کلاس کا یکطرفہ ٹکٹ 1816 ریال جبکہ اکانومی خاص کا 2182 ریال میں دستاب ہو گا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اگر کوئی ٹریول ایجنٹ مقررکردہ فکس ریٹ سے زیادہ رقم کا مطالبہ کرے تو سفارتخانے یا پی آئی اے  سے رابطہ کیا جائے‘۔

 کوئی فکس ریٹ سے زیادہ رقم طلب کرے تو سفارتخانے یا پی آئی اے  سے رابطہ کیا جائے۔

 واضح رہے کہ سعودی عرب سے پی آئی اے کی خصوصی فلائٹس کے ٹکٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔
سفارتخانے نے ایک گوگل فارم کے ذریعے ان تمام پاکستانیوں کا ڈیٹا جمع  کیا ہے جو واپسی کے خواہشمند ہیں۔ سفارتخانہ اور قونصلیٹ اس ڈیٹا کے تحت ہر خصوصی پرواز سے پہلے مسافروں کی لسٹ تیار کرتا ہے اور انہیں فون کر کے پرواز کی دستیابی کی اطلاع دی جاتی ہے۔
خصوصی پروازوں میں ان پا کستانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جن کا خروج نہائی لگا ہوا ہے یا فیملی، ورک اور بزنس ویزے پر موجود افراد اور اقامہ ہولڈرز جن کا کسی ایمرجنسی کے باعث جانا ضروری ہے۔
 

شیئر: