Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہسپتال میں سالگرہ کا کیک کاٹنے والے بزرگ کا انتقال

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں کورنا مریضوں کو خدمات فراہم کرنے والا بڑا مرکز ہے (فائل فوٹو اے ایف پی)
چند روز قبل خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی عملے سے فرمائش کر کے سالگرہ کا کیک منگوانے والے بزرگ انتقال کر گئے۔
71 سالہ بزرگ کی ویڈیو چند روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ طبی عملے کے ہمراہ کیک کاٹتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی میڈیا کوآرڈینیٹر توحید ذوالفقار نے اردو نیوز کو بتایا کہ اسد نوید ہفتے کی دوپہر انتقال کر گئے تھے۔
71 سالہ بزرگ کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد تین جون کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں طبیعت کی زیادہ خرابی کے باعث وہ انتہائی نگہداشت کے مرکز (آئی سی یو) میں زیر علاج تھے۔
قبل ازیں اسد نوید کی ہسپتال کے بستر پر کیک کاٹنے کی وائرل ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں شیئر کی گئی تھی جس میں انہیں کیک کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی گود میں موجود کیک پر 71 کا ہندسہ نمایاں تھا۔
اسد نوید کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو سوشل میڈیا صارفین نے اطلاع پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

قبل ازیں ہسپتال کی نمائندہ نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ بزرگ مریض کی سالگرہ کے موقع پر ان کے اہلخانہ کا اصرار تھا کہ ان کی سالگرہ کا کیک کاٹا جائے۔ ’ظاہر ہے کورونا کے مریض اپنے اہلخانہ سے تو نہیں مل سکتے اس لیے ان کی فیملی یہ چاہتی تھی کہ جس طرح ہر سال ان کی سالگرہ بھرپور طریقے سے منائی جاتی ہے تو اس بار کم از کم کیک تو ضرور کاٹا جائے۔‘
توحید ذوالفقار نے مزید بتایا تھا کہ ’ویسے تو آئی سی یو میں کچھ بھی کھانے پینے کی چیز لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی مگر ہم نے اپنے مریض کی خوشی کے لیے ایسا کیا۔ ان کی فیملی کے افراد کیک لے کر آئے اور ہم نے وہ کیک ان تک پہنچایا۔‘
انتقال کی خبر پر تبصرہ کرنے والے سوشل میڈیا صارفین اسد نوید کی مغفرت کے لیے دعا کے ساتھ اپنے غم بھرے جذبات کا اظہار بھی کرتے رہے۔

سید منیب ہادی نامی صارف نے مرحوم کو سچا پشاوری کہا تو ساتھ لکھا ’خوبصورت انسان تھے‘۔

ہفتہ 13 جون کو خیبر پختونخوا محکمہ صحت کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق ایک دن میں کورونا کے سب سے زیادہ 1035 کیسز سامنے آئے تھے۔ ان میں 27 ایسے افراد بھی تھے جو بیرون ملک سے واپس پہنچے تھے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: