Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب ہمیں گھبرانے دو، ہمارا گھبرانا بنتا ہے‘

اقرا عزیز نے وزیراعظم کے جملے پر لپسنگ کی (فوٹو سوشل میڈیا)
اداکارہ اقرا عزیز اور ان کے شوہر یاسر حسین کی جانب سے ایک ویڈیو میں وزیراعظم عمران خان کے مشہور زمانہ جملوں میں سے ایک ’گھبرانا نہیں ہے‘ کو موضوع بنایا گیا تو صارفین نے شوبز جوڑے کی نئی پیشکش پر دلچسپ تبصرے کیے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکار جوڑے نے گزشتہ روز پیش کیے گئے بجٹ کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو پوسٹ میں اپنی پرفارمنس کے جوہر دکھائے تو ڈائیلاگز کے لیے وزیراعظم کے جملے کے ساتھ ساتھ اداکاری کا تڑکہ بھی لگایا۔
یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی تو اسے ’گھبرانا نہیں اے‘ کا عنوان دیا اور ساتھ ہی اقرا عزیز کو بھی مینشن کیا۔
ٹک ٹاکرز کے انداز میں ڈبنگ کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کی ابتدا میں وزیراعظم کی آواز میں کہا جاتا ہے ’آپ نے سب سے پہلے گھبرانا نہیں ہے‘۔ اس جملے کے ساتھ اداکاری کے رنگ جماتے ہوئے اقرا عزیز نے لپسنگ کی۔
 

جواب میں ان کے ساتھ موجود یاسر حسین پنجابی میں کہتے ہیں ’ہنڑ نئیں، ہن سانوں گھبرانڑ دے، ہن ساڈا بنڑدا اے‘ (اب نہیں، اب ہمیں گھبرانے دو، ہمارا گھبرانا بنتا ہے)۔ اس کے بعد دونوں تاثرات کا تبادلہ کرتے اور ساتھ ہی قہقہ لگاتے ہیں۔
اقرا عزیز نے یہی ویڈیو اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تو انہوں نے ناصرف زیادہ ویوز حاصل کیے بلکہ تبصرے کرنے والوں کی تعداد بھی یاسر حسین کی پوسٹ کے مبصرین سے زیادہ رہی۔ اقرا نے اپنے کیپشن کے لیے ’ہن ساڈا بنڑدا اے‘ کا جملہ استعمال کیا۔
چند گھنٹوں میں آٹھ لاکھ سے زائد ویوز اور ہزاروں لائکس اور تبصرے وصول کرنے والی ویڈیو پر مبصرین کی اکثریت قہقہے بکھیرتی رہی۔
منال خان اور عمران راجپوت سمیت درجنوں صارفین نے جوابی قہقہے لگائے تو حسن حیات خان ’یہودی سازش ہے تمہاری‘ کے طنز بھرے جملے پر مشتمل تبصرے کے ساتھ سامنے آئے۔
 

صوفیہ فاطمہ نامی ایک صارف نے دونوں سے پوچھا کہ ’آپ کی ٹک ٹاک آئی ڈی کا نام کیا ہے؟‘
اقرا عزیز کی پوسٹ پر تبصرہ کرنے والے کچھ صارفین نے ویڈیو اور اس کے انداز پر تنقید کی اور ان سے اسے ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا تو یہ بھی لکھا کہ وہ ان سے ایسے مواد کی توقع نہیں کرتے تھے۔
گھبرانا نہیں اور گھبرانے کی اجازے پر مشتمل ویڈیو کے بعد ایک الگ پوسٹ میں یاسر حسین نے دونوں کی زرد رنگ کے کپڑوں میں تصویر شیئر کی تو لکھا ’ہم مینگو سیزن کو خوش آمدید کہتے ہیں‘۔
 

وزیراعظم عمران خان اپنی مختلف تقریروں میں ’گھبرانا نہیں ہے‘ سمیت کئی دیگر جملے استعمال کرتے رہے ہیں، جو اپنے پس منظر کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصے مقبول رہے ہیں۔ صارفین ان جملوں کو مختلف مواقع پر اپنے اپنے انداز میں استعمال کر کے کہیں مزاح کا سامان پیدا کرتے ہیں تو کہیں طنز و تنقید کے کام لاتے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: