Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں چوبیس گھنٹے کورونا ٹیسٹ کی سہولت

ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے سے تاریخ اور وقت  لینے کی ضرورت نہیں۔(فوٹو سبق)
مدینہ کے محکمہ صحت کے ترجمان مؤید ابوعنق نے بتایا ہے کہ وزارت صحت نے مدینہ میں مقامی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی سہولت کے لیے تین ہیلتھ سینٹرز قائم کیے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں سینٹر چوبیس گھنٹے کرونا ٹیسٹ، معائنے اور علاج کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ ان سے استفادے کے لیے پہلے سے تاریخ اور وقت  لینے کی ضرورت نہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ترجمان نے مزید کہا کہ وزارت صحت ملک بھر میں ’تطمن‘ کے نام سے کلینک سروس فراہم کر رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جو سعودی شہری یا مقیم غیرملکی بلکہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد اگر اپنے اندر کورونا وائرس کی علامتیں محسوس کرے تو فوری طور پر ہیلتھ سینٹر سے رجوع کرکے کورونا ٹیسٹ کرالے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ میں الدعیثۃ، الخالدیہ اور النصر محلوں میں ہیلتھ سینٹرز کورونا ٹیسٹ کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہوئے ہیں۔ غیر قانونی تارکین بھی ان سے رجوع کرسکتے ہیں۔ پہلے سے  وقت لینے کی ضرورت نہیں۔

وزارت صحت  ’تطمن‘ کے نام سے کلینک سروس فراہم کررہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

ابو عنق نے بتایا کہ ٹیسٹ کے نتیجے میں جو لوگ وائرس میں مبتلا پائے جاتے ہیں انہیں قرنطینہ کے حوالے کردیا جاتا ہے جہاں انہیں مکمل علاج کی سہولت مہیا ہوتی ہے جبکہ ایسے افراد جن کے بارے میں وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہوتا ہے انہیں گھر پر الگ تھلگ رہنے کی ہدایت کردی جاتی ہے اور سینٹر کے  اہلکار ان سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ انہیں ابتدائی ادویہ بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
وزارت صحت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں پر زور دیا کہ جو شخص بھی وائرس کی علامتیں محسوس کرے فوراً ہی ٹیسٹ کرالے جتنی جلد معائنہ ہوگا اتنی ہی تیزی سے مرض پر قابو پایا جاسکے گا۔ سب لوگ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔

شیئر: