Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر انڈیا کے طیارے نے سامان کے کنٹینر کو انجن کے اندر کھینچ لیا

ایئر انڈیا نے بتایا کہ طیارے کو مکمل جانچ اور ضروری مرمت کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
دہلی ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے ایک طیارے کے انجن کو اس وقت نقصان پہنچا جب ٹیکسی کے دوران ایک سامان رکھنے والے کنٹینر کو انجن نے اپنے اندر کھینچ لیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایئرلائن نے کہا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی صبح شدید دھند کے دوران پیش آیا، جس کے باعث ایئر بس اے 350 طیارے کے ایک انجن کو نقصان پہنچا۔
ایئر انڈیا کی پرواز AI101جو دہلی سے نیو یارک جا رہی تھی، ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث اپنا راستہ متاثر ہونے پر واپس نئی دہلی لوٹ آئی تھی۔ طیارے کو انجن کا نقصان لینڈنگ کے بعد ٹیکسی کے دوران پیش آیا۔
ایئر انڈیا کے ترجمان نے کہا کہ ’ایئر انڈیا تصدیق کرتی ہے کہ دہلی سے نیویارک (جے ایف کے) جانے والی پرواز AI101 کو ایرانی فضائی حدود کی غیرمتوقع بندش کے باعث ٹیک آف کے کچھ دیر بعد دہلی واپس آنا پڑا۔ دہلی میں لینڈنگ کے بعد شدید دھند کے دوران ٹیکسی کرتے ہوئے طیارہ ایک بیرونی شے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دائیں انجن کو نقصان پہنچا۔‘
ایئرلائن کے مطابق واقعے کے دوران طیارے کو محفوظ طریقے سے مقررہ پارکنگ ایریا میں کھڑا کر دیا گیا، جبکہ تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔
ایئر انڈیا نے بتایا کہ طیارے کو مکمل جانچ اور ضروری مرمت کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ ایئرلائن نے خبردار کیا ہے کہ اس واقعے کے باعث بعض اے 350 روٹس پر پروازوں میں ممکنہ خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
ادھر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بیرونی شے کس طرح طیارے کے انجن میں داخل ہوئی۔

 

شیئر: