Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سماجی فاصلے کا مطلب معاشرے کا بائیکاٹ نہیں‘

ذہنی صحت کی بہتری کے لیے وڈیو کے ذریعے رابطہ ضروری ہے۔(فوٹو: سوشل میڈیا)
 سعودی معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹر خالد العبد الکریم نے کہا ہے کہ سماجی فاصلے کا مطلب بائیکاٹ نہیں ہے جن لوگوں نے سماجی فاصلے کا مطلب بائیکاٹ لیا ہے وہ غلطی پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دراصل کورونا بحران کے ماحول میں ذہنی صحت کی بہتری کے لیے ویڈیو کے ذریعے رابطہ بے حد ضروری ہے۔
اخبار  24 کے  مطابق العبدالکریم  کا کہنا ہے کہ وبا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر نظر انداز کی جائیں اور نہ وائرس کو اس حد تک مسلط کرلیا جائے کہ 24 گھنٹے خوف کا ماحول اپنے اوپر طاری کرلیا جائے۔

ڈپٹی سیکریٹری صحت کے مطابق 24 گھنٹے خوف کا ماحول  طاری کرلینا درست نہیں(فوٹو روئٹرز)

ڈپٹی سیکریٹری صحت نے توجہ دلائی کہ نئے کورونا وائرس کو اچھی طرح سے سمجھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ وائرس کے بارے میں معتبر معلومات رسمی ذرائع سے حاصل کی جائیں۔ اس حوالے سے من گھڑت معلومات پر کان نہ دھرا جائے۔
العبد الکریم نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے ساتھ  ذہنی صحت کی حفاظت کریں۔ اپنے پیاروں کے حوصلے بڑھائیں۔ پرعزم رہیں اور دوسروں کی قوت ارادی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردارادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر خاندان کے کسی فرد کا رویہ بدل رہا ہو یا دوستوں میں سے کوئی ساتھی مشکل میں نظر آرہا ہو تو اس کا حوصلہ بڑھایا جائے۔ ’یہ خاندان کے ہر فرد کی ذمہ داری بنتی ہے اور دوستی کا حق بھی اسی طرح سے ادا کیاجاسکتا ہے۔‘

شیئر: