Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آگ لگے بستی میں، میں اپنی مستی میں، بائے ٹوئٹر‘

سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد سے بالی وڈ میں 'اقربا پروری' پر بحث چھڑ گئی ہے (تصویر:اے ایف پی)
بالی وڈ کی 'دبنگ گرل' سوناکشی سنہا نے 'ذہنی سکون کی خاطر' ٹوئٹر کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوناکشی سنہا نے ٹوئٹر سے اپنی علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ایپ انسٹاگرام پر اپنے ٹویٹ کا سکرین شاٹ پوسٹ کیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’آگ لگے بستی میں، میں اپنی مستی میں بائے ٹوئٹر!

سوناکشی سنہا نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’اپنی ذہنی صحت کو محفوظ رکھنے کے لیے سب سے پہلا قدم منفی سوچ اور منفی باتوں سے دور رہنا ہے اور یہ منفی باتیں آج کل ٹوئٹر پر کچھ زیادہ ہی ہو رہی ہیں۔'
انہوں نے مزید لکھا کہ ’چلو! اب میں امن اور سکون کے لیے ٹوئٹر سے دور جا رہی ہوں۔‘

سوشل میڈیا پر کئی صارفین اداکارہ کے اس فیصلے سے اداس نظر آئے تو کئی اس حوالے میمز بناتے رہے۔
ٹوئٹر صارف پرنجل شرما نے ایک میم شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سوناکشی سنہا نے اس لیے ٹوئٹر چھوڑا کیونکہ تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا صاحب صحیح بات بولنے والوں سے لگتا ہے۔‘

ٹوئٹر صارف ڈیکشا نے سوناکشی کے ساتھ ماضی میں ہونے والی چیٹ کا سکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'مجھے سوناکشی سنہا کے ٹوئٹر چھوڑنے کا بہت افسوس ہے، مجھے بہت برا لگ رہا ہے کہ ان کو اس سب سے گزرنا پڑا اور یہ فیصلہ لینا پڑا۔'

کئی سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بناتے بھی نظر آئے۔ 
ٹوئٹر صارف سربھی رانی کا کہنا تھا کہ  ذرا سوچیے ان جیسے نرم مزاج لوگ سوشل میڈیا کا دباؤ بھی برداشت نہیں کر پاتے اور ڈر کر بھاگ جاتے ہیں۔ 'سوشانت سنگھ کتنے عرصے سے یہ سب برداشت کر رہے تھے یہ تمام اداکاروں کے لیے شرم کی بات ہے۔'

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد سے بالی وڈ میں 'اقربا پروری' پر بحث چھڑی ہوئی ہے۔ 
سوشل میڈیا صارفین بالی وڈ کی کئی نامور شخصیات کے خلاف ٹوئٹر پر ٹرینڈ چلا رہے ہیں اور ان کی ٹائم لائنز ان سیلیبریٹیز کےخلاف تنقیدی ٹویٹس سے بھری ہوئی ہیں۔
سوناکشی سنہا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اداکارہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ تاحال ایکٹیو ہے۔
سوناکشی سنہا معروف انڈین اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے انڈسٹری میں بہت سی فلموں میں کام کیا ان کی مشہور فلموں میں جوکر، دبنگ، ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی اور راوڈی راتھوڑ شامل ہیں۔

شیئر: