Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفاظتی تدابیر کے ساتھ سینما گھر بھی کھولنے کا اعلان

سینما گھر کھولنے کے لیے متعدد حفاظتی انتظامات لیے گئے ہیں ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں سمعی و بصری ابلاغ کے اعلی ادارے نے سینما گھر اور فلمی شوز کی مشروط بحالی کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ سینما گھر کھولے جا سکیں گے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سمعی و بصری ابلاغ کے اعلی ادارے نے مملکت میں سینما گھر مالکان سے کہا ہے کہ گائیڈ بک  کے مطابق سینما گھر کھولتے وقت حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔
سمعی و بصری ابلاغ کے اعلی ادارے نے سینما گھر کھولنے کے لیے کئی پابندیاں لگائی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ انتظار لائن میں کھڑے ہوتے وقت شائقین کو سماجی فاصلے کا پابند بنانے کے لیے علامتیں چسپاں کی جائیں۔

 ٹکٹ کاؤنٹر پر بھیڑ سے بچنے کے لیے آن لائن ٹکٹ فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے (فوٹو: عرب نیوز)

سینما گھروں کے دروازوں، ٹکٹ کاؤنٹرز، کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانیں اور واش رومز سمیت تمام مقامات پر ڈیڑھ سے دو میٹر کے فاصلے کی پابندی کرائی جائے۔
سینما گھر میں کرسیوں کی ترتیب سماجی فاصلے کے ساتھ بنائی جائے۔ دو کرسیاں خالی رکھ کر تیسری کرسی شائق کے لیے مختص ہو۔ یہ تمام ہر جہت سے کرنا ہوگا- ایک فیملی کے افراد ایک ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔
ٹکٹ کاؤنٹر پر بھیڑ سے بچنے کے لیے آن لائن ٹکٹ فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے اور آن لائن بکنگ کی ترغیب دی جائے۔
انتظامیہ سینما گھروں میں شائقین کی آمد ورفت کو منظم کرنے اور اژدہام کو کنٹرول کرنے کے لیے دروازوں پر اہلکار تعینات کرے۔

شائقین سے ہر وقت سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا اہتمام کرایا جائے (فوٹو: العربیہ)

شائقین کی سہولت کے لیے الکحل سینیٹائزر کی تقسیم کا انتظام کیا جائے اور سینیٹائزر نمایاں جگہوں پر رکھا جائے۔
ٹشو پیپر نمایاں جگہوں پر رکھے جائیں۔ سینما گھروں کی دیواروں، راستوں اور ایسے تمام مقامات کی مسلسل صفائی اور سینیٹائزنگ کا بندوبست کیا جائے جن کو زیادہ چھوا جاتا ہو۔
سینیٹائزنگ کا وقت متعین کیا جائے۔ واش روم میں صابن سے ہاتھ دھونے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
سینما کے ٹکٹ خریدنے کے لیے مخصوص ٹچ آلات معطل کر دیے جائیں- میگزین اور ہر طرح کی کتابیں سینما گھروں سے ہٹا دی جائیں-
 بیان کے مطابق سینما گھروں کے عملے کو شائقین کے ساتھ کم سے کم رابطے کی تلقین کی جائے۔ شائقین سے حفاظتی ماسک اور دستانے پہننے اور ہر وقت سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا اہتمام کرایا جائے۔
 

شیئر: