Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک کی مشترکہ کرنسی کا اجرا کب؟

مشترکہ کرنسی کے اجرا کے لیے فضا ساز گار بنا رہے ہیں- فوٹو العربیہ نیٹ
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے معاون جنرل سیکریٹری برائے اقتصادی و ترقیاتی امور خلیفہ العبری نے بتایا کہ چار خلیجی ممالک آئندہ برسوں کے  دوران مشترکہ خلیجی کرنسی کے اجرا کے لیے کوشاں ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق العبری نے واضح کیا ہے کہ مشترکہ خلیجی کرنسی کے اجرا کے لیے فضا ساز گار بنا رہے ہیں۔ کرنسی کے اجرا کی کارروائی مکمل کرنے کے لیے مالیاتی و کرنسی پالیسی کے تقاضے طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بتانا بے حد مشکل ہے کہ  مشترکہ کرنسی کے اجرا کا ماحول کب تک ساز گار ہوجائے گا البتہ یہ بات پورے اعتماد کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ ماحول سازگار بنانے کے لیے سنجیدگی سے کام ہورہا ہے۔
العبری نے کہاکہ کورونا کی وبا کے بعد کی دنیا وبا سے پہلے کی دنیا سے مختلف ہوگی۔
’عالمی بحران نے بلا استثنی دنیا کے ہر ملک کو متاثر کیا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ جی سی سی ممالک نے وبا کے سرابھارتے ہی بڑی حد تک یکجہتی پیدا کرلی تھی اور ایک دوسرے سے بڑے پیمانے پر تعاون پر متفق ہوگئے تھے۔ خلیجی ممالک نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں پہل کی۔‘
العبری نے کہا کہ جی سی سی ممالک خوراک اور پانی میں خود کفالت کاجامع نظام تیار کررہے ہیں۔ صحت اور دواؤں سے متعلق بھی مکمل تعاون کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں واضح طریقہ کار متعین ہوجائے گا-

 

 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: