Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

64 پروازوں سے 13 ہزار پاکستانیوں کی وطن واپسی

ریاض اور دمام سے دو پروازوں سے 554 افراد کی واپسی ہوئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم مئی سے اب تک ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ سے چلائی جانے والی 64 پروازوں کے ذریعے تقریباً تیرہ ہزار پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔
بدھ کو ریاض اور دمام سے دو خصوصی پروازوں سے 554 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی ہے۔
 ریاض سے جانے والی پہلی پرواز سے 250 مسافر اسلام آباد جبکہ دمام سے 304 افراد لاہور پہنچے ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ریاض سے تیرہ اور دمام سے تین میتیں بھی بھیجی گئی ہیں۔
 اس سے قبل منگل کو ریاض سے خصوصی پرواز کے ذریعے 250 افراد لاہور جبکہ جدہ سے دو خصوصی پروازوں کے ذریعے پانچ سو مسافرلاہور اور اسلام آباد روانہ ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں سال 16جون کے بعد سے خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں براہ راست پی آئی اے اور اس کے مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے فروخت کی جا رہی ہیں۔ اب ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارت حانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
 قونصلیٹ ذرائع کے مطابق جدہ اور مدینہ سے پی آئی اے کی 29 پروازوں کے ذریعے تقریباً چھ  ہزار دو سو سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب کے مغربی علاقے سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

اب ٹکٹ کے لیے سفارتحانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

ریاض اور دمام سے 35 خصوصی پروازوں کے ذریعے چھ ہزار 368 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ 
 ریاض میں سفارت خانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے تعاون سے ان خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔

شیئر: