Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی رائل گارڈز میں پہلی خاتون

 سوشل میڈیا پر صارفین نے تصویر پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی رائل گارڈز میں پہلی سعودی خاتون کی وردی میں دوران ڈیوٹی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق شہزادہ سطام بن خالد نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر رائل گارڈز کی وردی میں پہلی سعودی خاتون کی تصویر ایسی ایموجیز کے ساتھ شیئر کی جن سے ظاہر ہورہا ہے کہ سعودی عرب خواتین کے کردار کو قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کررہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں سعودی خاتون رائل گارڈ کی وردی میں ڈیوٹی دے رہی ہیں۔ اس کے قریب رائل گارڈ کا ایک اور اہلکار بھی تعینات ہے۔ دونوں حفاظتی ماسک پہنے ہوئے ہیں۔

شہزادہ سطام بن خالد کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصویر کا عکس۔

معروف قلم کار خاتون حلیمہ المظفر نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر رائل کمیشن میں سعودی خاتون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وطن عزیز کی خواتین پر فخر کرتی ہوں۔ تصویر دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا۔‘
عمر النشوان نامی صارف نے رائل کمیشن میں خاتون کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری بیٹیاں ہر میدان میں باعث ناز ہیں۔‘
محکمہ شماریات نے ’سعودی خاتون کامیابی کے سفر کی ساتھی‘ کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا کہ سعودی وژن 2030 نے خواتین کی حیثیت مضبوط بنانے اور انہیں ملکی و بین الاقوامی سطحوں پر اپنا کردار ادا کرنے کے مزید مواقع مہیا کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔
 سوشل میڈیا پر بیشتر سعودی صارفین نے رائل کمیشن میں خاتون کی شمولیت پر پسندیدگی کا اظہار کیا اور اس اقدام کو قابل تعریف قرار دیا۔ بعض لوگوں نے اس پر حیرت کا بھی اظہار کیا ہے۔

شیئر: