Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ چھیڑی‘، امریکی وزیرِ دفاع کے مواخذے کی تحریک پیش

مواخذے کی تحریک ریپبلکن رکن تھامس میسی نے پیش کی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں ایک ریپبلکن رکن کانگریس نے ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی تحریک پیش کر دی ہے جس کو صدر ٹرمپ کی جماعت کے لیے ایک اور دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ تحریک ایک ایسے وقت میں پیش کی گئی ہے جب ایک ہفتہ قبل ہی صدر ٹرمپ کی جماعت کو وسط مدتی انتخابات میں بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کینٹکی سے تعلق رکھنے والے رکن تھامس میسی کی تحریک میں آٹھ آرٹیکلز کا ذکر ہے جن میں پیٹ ہیگستھ پر کانگریس کی منظوری کے بغیر غیر قانونی طور پر جنگ چھیڑنے اور پینٹاگون کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزامات بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس پر بدھ کو ووٹنگ ہو سکتی ہے، صدر ٹرمپ کی پارٹی کے کچھ قانون سازوں نے اشارہ دیا ہے کہ ان الزامات کی حمایت کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں پیٹ ہیگستھ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’وینزویلا اور ایران میں اچھا کام کیا اور جنگیں جیتیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ اگر پیٹ ہیگستھ کا مواخذہ ہوا تو کیا ہو ہو گا، اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں ان (پیٹ ہیگستھ) کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔‘
یہ کارروائی ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک اور دھچکا بن سکتی ہے تاہم اس سے پیٹ ہیگستھ عہدے سے برطرف نہیں ہو جائیں گے بلکہ انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے امریکی سینیٹ میں دو تہائی سے اکثریت کی منظوری ضروری ہے اور جنوری میں ڈیموکریٹس کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد بھی یہ شرط پوری ہونا آسان دکھائی نہیں دے رہا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پچھلے ہفتے ہونے والے انتخابات کے بعد مواخذے کی تحریک کو مزید تقویت ملی ہے۔ وسط مدتی انتخابات میں ایران کے خلاف جنگ اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں پر عوامی سخت ردعمل کے باعث ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کامیابی حاصل کی۔
نئی کانگریس تین جنوری نئے اختیارات سنبھالے گی اس وقت تک ریپبلکنز کو دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل رہے گی، تاہم انتخابات میں شکست کے بعد ریپبلکنز ارکان کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔
شکست سے دوچار ریپبلکن ارکان ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر سکتے ہیں، جس سے وزیر دفاع کے مواخذے کی تحریک منظور ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے ناقد ریپبلکن رکن تھامس میسی جو صدارتی حمایت یافتہ امیدوار سے پارٹی کے بنیادی انتخاب ہار گئے تھے، مواخذے کی تحریک کے لیے ایسا طریقہ کار استعمال کر رہے ہیں جس کے تحت ایوانِ نمائندگان کو دنوں کے اندر ان کی قرارداد پر غور کرنا ہو گا۔

پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی تحریک پر کانگریس میں بدھ کو ووٹنگ ہو سکتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے ایوان میں تحریک پیش کرنے کے وقت کہا کہ ’پیٹ ہیگستھ نے کانگریس کی مںظوری کے بغیر جنگ شروع کر کے جان بوجھ کر غیر قانونی احکامات پر عمل کیا۔‘
ان کی جانب سے پیش کردہ مواخذے کی قرارداد میں 1973 کے وار پاورز قانون کی خلاف ورزی کے علاوہ شہریوں کی ہلاکتوں اور یمن اور وینزویلا میں فوجی کارروائیوں سے متعلق بدانتظامی کے الزامات بھی شامل ہیں۔
وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز کے سپیکر بننے کی توقع ہے، ان کا اتوار کو کہنا تھا کہ وہ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے اے بی سی نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’نام نہاد وزیر دفاع نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا اور ایران کے خلاف ایک غیر ضروری اور مہنگی جنگ شروع کی۔‘
انہوں نے پیٹ ہیگستھ کو مشورہ دیا کہ انہیں عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

شیئر: