Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری نے تین ہزار تصاویر گھر میں سجا دیں

قریے کے لوگ اپنی یادیں تازہ کرنے یہ تصاویر دیکھنے آ رہے ہیں (فوٹو العربیہ)
ہر انسان کو اپنی سرزمین اور علاقے سے پیار ہوتا ہے مگر اس کے اظہار کے طریقے مختلف ہیں۔ 
سعودی شہری اور سکاؤٹ کمانڈر ربیع محمد الزہرانی نے باحہ میں اپنے قریے سے پیار کا اظہار تین ہزار یاد گار تصاویر کا گلدستہ پیش کرکے کیا ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ربیع محمد الزہرانی نے بتایا کہ ’فوٹو گرافی سے بچپن سے لگاؤ ہے۔ تصاویر کو محفوظ کرنا مشغلہ ہے۔ کچھ لوگ تصاویر کی البم تیار کرتے ہیں۔ موجودہ دور میں فوٹو گرافی اور تصاویر کو محفوظ کرنا آسان ہو گیا ہے‘۔

ربیع محمد الزہرانی نے بتایا کہ ’ فوٹو گرافی سے بچپن سے لگاؤ ہے۔ (فوٹو العربیہ)

الزہرانی کا کہنا تھا کہ’ گزشتہ مہینوں میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے  لیے حفاظتی اقدامات کے دوران سب گھروں میں  تھے۔  یہ موقع مناسب جانا اور قدیم تصاویر کا خزانہ کھنگالنا شروع کیا۔  تین ہزار سے زیادہ تصاویر کا انتخاب اپنے گھر میں سجا دیا‘۔
یہ تصاویر باحہ شہر کے شمالی قریے ’بلدۃ الربیان ‘ میں مختلف اوقات میں ہونے والی تقریبات کی نمائندہ ہیں۔  ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے خاندانی ودیگر تقریبات، رنگا رنگ سرگرمیوں اور قریے کے لوگوں کی تصاویر جمع کرتا رہا ہوں۔

سعودی شہری نے تصاویر کو ایک عرصے سے محفوظ کر رکھا تھا( فوٹو العربیہ)

ربیع محمد الزہرانی نے ہزاروں تصاویر اپنے کمپوٹر کی ہارڈ ڈسک میں بھی محفوظ کر رکھی ہیں ۔ کرفیو کے دوران ان تصاویر کا انتخاب اپنے گھر کے ایک بڑے ہال میں سجا دیا ۔ قریے کے لوگ اپنی بھولی بسری یادیں تازہ کرنے کے لیے یہ تصاویر دیکھنے آتے رہے اور اب بھی آ رہے ہیں۔
سعودی شہری کا ماننا ہے کہ ’دراصل یہ تصاویر  قریے کے مرحلہ بہ مرحلہ ارتقا کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد تجربہ ہے۔ اسے سوشل میڈیا پر بھی پسند کیا جا رہا ہے۔ کورونا کی وبا کے خاتمے کے بعد ان تصاویر کی باقاعدہ نمائش کا بھی ارادہ رکھتا ہوں‘۔

 

شیئر: