Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی عجائب گھر میں حجاز کے 3500 نوادر

وہ برتن بھی ہیں جو مسجد نبوی میں زائرین کو پانی پلانے میں استعمال ہوتے تھے۔ (فوٹو العربیہ )
 سعودی عرب میں ایک شہری نے اپنے گھر کو عجائب گھر میں تبدیل کر لیا ہے۔
مدینہ منورہ کے شہری محمد منصور ابو ھبرۃ نے 35 برس کی کوششوں کے بعد قدیم حجاز کی تاریخی اور نادر اشیا سے اپنے گھر کو آراستہ کیا ہے۔ 180 مربع میٹر پر بنا مکان منی عجائب گھر بن گیا ہے۔

 قدیم حجاز کی تاریخی اور نادر اشیا سے گھر کو آراستہ کیا ہے۔ (فوٹو العربیہ)

العربیہ نیٹ کے مطابق ابو ھبرۃ  اپنے عجائب گھر کا نام ’شعبیہ حجازیہ‘ (حجاز کے عوامی نوادر) کا نام دیے ہوئے ہے۔ اس وقت مختلف شکل، حجم، استعمال اور مختلف تاریخوں سے تعلق رکھنے والی 3500 تاریخی اور نادر اشیا موجود ہیں۔
محمد منصور ابو ھبرۃ نے  اپنے رشتے داروں اور ملنے جلنے والوں سے بھی قیمتی نوادر حاصل کر رکھے ہیں۔

200 برس پرانی اشیا بھی محفوظ کی گئی ہیں(فوٹو العربیہ)

ابو ھبرۃ نے بتایا کہ’ اپنے عجائب گھر میں حجاز کے عوامی طرز معاشرت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس میں 200 برس پرانی ایسی اشیا محفوظ کی گئی ہیں جنہیں حجاز کے عوام روزمرہ کی زندگی میں استعمال کیا کرتے تھے‘۔
اس میں ایک لکڑی کا تاریخی دروازہ ہے۔ قہوے کی مختلف کیتلیاں اور مٹی کے وہ برتن بھی ہیں جو اب سے  70 برس قبل مسجد نبوی میں زائرین کو پانی پلانے میں استعمال کیے جاتے تھے۔ قدیم ملبوسات، گھریلو برتن اور ڈاک ٹکٹ بھی عجائب گھر کی زینت بنے ہیں۔

عجائب گھرکو ’شعبیہ حجازیہ‘ (حجاز کے عوامی نوادر) کا نام دیے ہوئے ہے۔ (فوٹو العربیہ )

سعودی شہری کا کہنا ہے کہ ’مجھے بچپن سے ہی نوادر جمع کرنے کا شوق تھا۔ دلچسپ مشغلہ خوبصورت ماضی کا تحفظ تھا اور ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ نئی نسل اور ہمارے نوجوان آباؤ اجداد کے قدیم طرز معاشرت سے واقف ہوں‘۔

شیئر: