Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں چار نئے عجائب گھر کہاں

جلد افتتاح ہوگا۔ 22.4 کروڑ ریال لاگت آئی ہے۔ فوٹو: اخبار24
سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے مطابق عسیر، حائل، تبوک اور الجوف تاریخی مقامات پر چار نئے عجائب گھر قائم کردیے گئے ہیں جن کا افتتاح جلد ہوگا۔ ان پر 22.4 کروڑ ریال لاگت آئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق نئے عجائب گھر ایک طرف تو داخلی اور خارجی سیاحت کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ دوسری جانب سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور سیاحوں کو عسیر، حائل، تبوک اور الجوف کی قدیم تاریخ مجسم شکل میں دیکھنے کو ملے گی۔
محکمہ سیاحت نے کہا کہ نئے عجائب گھروں سے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ یونیورسٹیوں کے طلبہ کو ایک کورس کرایا گیا ہے جس کے ذریعے یہ بتایا گیا کہ وہ عجائب گھروں میں کیا کچھ کرسکتے ہیں۔ کس حد تک اور کیسے مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔

نئے عجائب گھر وں سے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ فوٹو: اخبار 24

محکمہ سیاحت کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہرعجائب گھر میں آٹھ ہال بنائے گئے ہیں۔ پہلا استقبالیہ ہال ہے۔ دوسرا آثار قدیمہ اور متعلقہ علاقے کے تاریخی ورثے، نوادر اور اس کی طبعی تاریخ پر مشتمل ہے۔ 
تیسرا ہال ماقبل تاریخ کے دور سے تعلق رکھتا ہے۔ چوتھا ہال اسلام سے پہلے کے دور کی تاریخ کا آئینہ دار ہے۔ پانچواں ہال اسلام کی آمد کے بعد خطے کی تاریخ کا عکاس ہے۔ چھٹا ہال جدید دور کی بابت ہے۔
ساتواں ہال عوامی ورثے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ آٹھواں ہال مختلف عجائب گھروں کے نوادر پیش کرنے کے لیے مقرر کیاگیا ہے۔

ہر عجائب گھر میں آٹھ ہال بنائے گئے ہیں۔ فوٹو: اخبار24

الجوف عجائب گھر

یہ 12 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔ اس کی تعمیر اور ڈیزائن کے اخراجات چھ کروڑ 13 لاکھ 43 ہزار 595 ریال آئے ہیں۔ عجائب گھر دومتہ الجندل میں منفرد اسٹراٹیجک مقام پربنایا گیا ہے۔ 
یہ اہم تاریخی علاقے میں ہے جہاں قلعہ مارد اور مسجد عمر واقع ہیں۔ اس کے برابر میں النویصر عجائب گھر ہے۔ الجوف کے کئی قابل دید مقامات نظر آتے ہیں۔

عسیر عجائب گھر

یہ سات ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر ابہا شہر کے سینٹر میں قائم کیا گیا ہے۔ اسکے برابر میں عسیر گورنر ہاﺅس اور شہر کے کئی اہم قابل دید مقامات واقع ہیں۔ اس پر تین کروڑ 12 لاکھ 28 ہزار 503 ریال لاگت آئی ہے۔

سیاحوں کو عسیر، حائل، تبوک اور الجوف کی قدیم تاریخ دیکھنے کو ملے گی۔ فوٹو: اخبار24

حائل عجائب گھر

یہ 11 ہزارمربع میٹر کے رقبے پر چھ کروڑ 66 لاکھ 13 ہزار 906 ریال میں تعمیر کیا گیا ہے۔ عجائب گھر کا محل وقوع بڑا منفرد ہے۔ اس کے برابر میں امیر سلطان کلچرل سینٹر قائم ہے۔ 

تبوک عجائب گھر

یہ 12 ہزار آٹھ سو 54 مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔ اس پر چھ کروڑ 56 لاکھ 73 ہزار 806 ریال لاگت آئی ہے۔ عجائب گھر تبوک شہر کے سینٹر میں تاریخی ریلوے سٹیشن کی جگہ قائم کیا گیا ہے۔

شیئر: