Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس، سونے کی خریداری میں تیزی

زیورات کی طلب میں کمی کی ایک وجہ شادی کی تقریبات کا نہ ہونا بھی ہے (فوٹو:اے ایف پی)
سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 15 فیصد اضافے سے قبل سونے کی خریداری میں تیزی آئی ہے۔ 
ریاض کے شمال مغربی مضافات میں واقع شہر درعیہ میں حال ہی میں بحال ہونے والی سونے کی مارکیٹ کے ایک جیولر یاسین علی نے عرب نیوز کو بتایا کہ مارکیٹ کا رخ کرنے والے لوگوں کی تعداد تقریباً اس سطح پر واپس آچکی ہے جو وبا سے پہلے تھی۔ 
انہوں نے بتایا کہ 'میں اس ہفتے اتنی زیادہ فروخت کی توقع نہیں کر رہا تھا۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ 'میرا خیال ہے کہ مارکیٹ کی بحالی میں کرفیو کے ختم ہونے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 15 فیصد اضافے (جس کا اطلاق جولائی سے ہوگا) دونوں کا بڑا عمل دخل ہے۔' 
کورونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا بھر کے ری ٹیلرز کو تباہ کن حد تک متاثر کیا ہے وہیں زیورات کی خرید و فروخت کے کاروبار کو بھی دھچکا لگا ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق سونے کے زیورات کی طلب میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 39 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق سونے کے زیورات کی طلب میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 39 فیصد تک کمی واقع ہوئی (فوٹو:اے این)

زیورات کی طلب میں کمی کی وجہ شادی کی تقریبات اور سونے کی خریداری سے منسلک دیگر تقریبات کا نہ ہونا ہے۔ 
ریاض کے ایک جیولر ابراہیم اودھ سمجھتے ہیں کہ خرید و فروخت لاک ڈاؤن سے پہلے کی نسبت اب بھی کم ہے۔ 
'بالکل، ہم نے رواں ہفتے سونے کی مارکیٹ کا رخ کرنے والے صارفین کی بڑی تعداد دیکھی ہے تاہم فروخت کی شرح گذشتہ سال کے مقابلے میں کم رہی۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ 'کرفیو کے خاتمے کے بعد ہمیں توقع تھی کہ آئندہ ہفتوں میں شادی کی تقریبات منعقد ہوں گی جس سے سونے اور زیورات کی مانگ میں اضافہ ہوگا تاہم ایسا نہ ہوسکا کیونکہ شادی کے بڑے اجتماعات پر پابندی برقرار ہے۔'

ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق آئندہ ماہ جولائی سے ہوگا (فوٹو:سبق)

سعودی عرب میں زکوۃ اینڈ ٹیکس کی جنرل اتھارٹی (جی اے زیڈ ٹی) نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ سعودی عرب کی مارکیٹ میں تمام سامان اور خدمات پر 5 فیصد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (واٹ) کے نفاذ کو بڑھا کر 15 فیصد کرنے کے نظام کا اطلاق یکم جولائی 2020 سے ہوگا۔
قبل ازیں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے منفی اثرات پر قابو پانے کے لیے مارکیٹ میں تمام سامان پر واٹ 5 فیصد کے بجائے 15 فیصد کیا جا رہا ہے۔ 

شیئر: