Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ خالد کی امریکی مندوب سے ملاقات

’سعودی عرب خطے میں سلامتی اور امن کے قیام کے لیے امریکہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہا ہے‘ (فوٹو: واس)
سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز نے امریکہ کے خصوصی مندوب برائے ایران برائن ہک سے ملاقات کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اتوار کو ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خطے میں سلامتی اور امن کے تحفظ کی اہمیت پر زور دینے کے ساتھ عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
سعودی نائب وزیر دفاع نے ملاقات کے دوران زور دے کر کہا کہ ’سعودی عرب خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے قیام کے لیے امریکہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہا ہے‘۔
’سعودی عرب خطے میں ایران کی تمام مذموم سرگرمیوں، بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں، دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں کو روکنے کے لیے امریکہ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے‘۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون کے ذریعے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
 سعودی نائب وزیر دفاع نے کہا کہ ’یمن کے حوثی باغی ایرانی اسلحہ سے سعودی عرب کے عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں‘۔
’سعودی عرب کی فضائیہ نے ایران کے متعدد ڈرون طیارے اور بیلسٹک میزائل مار گرائے ہیں‘۔
نائب وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب دفاعی نظام بھیجنے پر امریکہ کا شکریہ ادا کرتا ہے‘۔

شیئر: