Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد برائے یمن نے ایرانی اسلحہ ضبط کرلیا

العربیہ نے ضبط شدہ ایرانی اسلحہ کی تصاویر جاری کی ہیں۔(فوٹو العربیہ)
عرب اتحاد برائے یمن نے بحر العرب میں یمن کے ساحل کے قریب  ایران سے آنے والا  اسلحہ ضبط کیا ہے۔
العربیہ اور الحدث چینلز نے ضبط شدہ ایرانی اسلحہ کی تصاویر جاری کی ہیں۔ سیکڑوں ہتھیاروں، رات اور دن میں استعمال کی جانے والی دور بینیں اور متعدد بم شامل ہیں۔
 ڈرون کو گائیڈ کرنے والے آلات، ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کرنے والے الیکٹرانک آلات اور دسیوں قسم کے ہتھیار پکڑے گئے۔

 ڈرون کو گائیڈ کرنے والے آلات اور دسیوں قسم کے ہتھیار پکڑے گئے۔(فوٹو العربیہ)

اخبار 24 کے مطابق  عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایران کے لیے امریکی ایلچی برائن ہک کو وہ اسلحہ دکھائے جو حوثی سعودی عرب پر حملے میں استعمال کررہے ہیں۔
المالکی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ  یہ ہتھیار اس بات کا پیغام ہیں کہ حوثی یمن میں سیاسی حل نہیں چاہتے اور وہ سعودی عرب کی آبادی خصوصا دارالحکومت ریاض، جازان اور ابہا پر حملے جاری  رکھے ہوئے ہیں-
ترجمان نے کہا کہ ماہرین اس بات کا پتہ آسانی سے لگا سکتے ہیں کہ حملے میں حوثی جو میزائل استعمال کررہے ہیں وہ ویسے ہی میزائل ہیں جنہیں عرب اتحاد کے فوجی مختلف اوقات میں حوثیوں سے اپنے قبضے میں کرچکے ہیں۔

یمن کے ساحل کے قریب  ایران سے آنے والا  اسلحہ ضبط کیا گیا ہے۔(العربیہ)

المالکی نے اس موقع پر امریکی ایلچی کو بدر بیلسٹک میزائل بھی  دکھایا  جو فروری میں ینبع شہر پر حملے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ عرب اتحاد نے اسے نشانے پر پہنچنے سے قبل ہی گرادیا تھا-
ترکی المالکی نے  بتایا کہ عرب اتحاد کی افواج کو ایران کا ایسا لٹریچر بھی ملا ہے جس میں حوثیوں کو میزائل کے استعمال اور انہیں داغنے کا طریقہ کار  سمجھایا گیا ہے۔

شیئر: