’برین واشنگ یا شوہر کا دباؤ‘، اداکارہ ثنا خان نے بالی وُڈ کو کیوں چھوڑا؟
جمعہ 16 جنوری 2026 18:22
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ثنا خان کے مطابق جب ان کی شادی طے ہوئی تو یہ ایک ٹاپ سیکریٹ تھا (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کی سابقہ اداکارہ ثنا خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ فلمی دنیا کو خیرباد کہنے اور مذہب کی طرف راغب ہونے کا فیصلہ کسی دباؤ یا ’برین واش‘ کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کا ذاتی اور شعوری انتخاب تھا۔
انڈین میڈیا کے مطابق انہوں نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ ان کے شوہر مفتی انس سید نے انہیں شوبز چھوڑنے پر مجبور یا ’برین واش‘ کیا۔
ثنا خان ’جے ہو‘، ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ اور ویب سیریز ’سپیشل اوپس‘ میں کام کر چکی ہیں تاہم انہیں اصل شہرت ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے چھٹے سیزن سے ملی تھی۔ سنہ 2020 میں اپنے کیریئر کے عروج پر انہوں نے بالی وُڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
اُس وقت ثنا خان کا کہنا تھا کہ وہ ’انسانیت کی خدمت اور اپنے خالق کے احکامات پر عمل‘ کرنا چاہتی ہیں۔ اس فیصلے کے کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے مفتی انس سید سے شادی کر لی تھی۔
حال ہی میں اداکارہ رشمی دیسائی کے ساتھ گفتگو کے دوران ثنا خان نے اپنی زندگی کے اس بڑے موڑ، شوبز سے کنارہ کشی اور شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی مکمل طور پر خفیہ رکھی گئی تھی اور اس بارے میں صرف ان کے والدین کو علم تھا۔
ثنا خان کے مطابق ’جب ہماری شادی طے ہوئی تو یہ ایک ٹاپ سیکرٹ تھا۔ سوائے میرے والدین کے کسی کو کچھ نہیں پتا تھا، یہاں تک کہ دلہے کا نام بھی کسی کو معلوم نہیں تھا۔ مہندی لگاتے وقت جب آرٹسٹ نے دلہے کا نام پوچھا تو میں نے کہا خالی چھوڑ دو، اگلی بار لکھ لیں گے۔‘
اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے ثنا خان نے کہا کہ شوبز سے دُوری کا فیصلہ ان کے اندرونی سفر کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’اس وقت میری زندگی میں بہت بڑی تبدیلیاں آرہی تھیں۔ میں ایک مختلف انسان بنتی جا رہی تھی۔ یہ سب میرے شوہر کی وجہ سے نہیں ہوا، یہ وہ چیز تھی جو میں خود اپنے لیے چاہتی تھی۔ البتہ انہوں نے اس راستے پر میری رہنمائی ضرور کی۔‘
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور ’برین واش‘ کے الزامات پر ثنا خان نے دو ٹوک موقف اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی کسی کا برین واش نہیں کر سکتا۔ میں نے خود سکون چاہا۔ انسان کو دولت، شہرت، نام اور عزت سب کچھ مل سکتا ہے، مگر آخر میں وہ اندرونی سکون ہی تلاش کرتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ انہوں نے زندگی کے کئی سبق سیکھے، اسی لیے وہ اپنے شوہر کے رشتے کو بہت قیمتی سمجھتی ہیں۔ ’میں اکثر اپنے شوہر سے کہتی ہوں کہ میں اس سے بہتر انسان کبھی نہیں ڈھونڈ سکتی تھی۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، مگر میں نے دل سے کیا۔‘
ثنا خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کے قریبی رشتہ دار بھی ان کی شادی سے لاعلم تھے۔ ان کے مطابق ’جب میرے کزنز نے پہلی بار انہیں (شوہر) مسجد میں دیکھا تو حیران رہ گئے اور کہا، یہ تو مولانا انس ہیں۔‘
انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی کے زیادہ تر اخراجات ان کے شوہر نے اٹھائے جبکہ صرف مہندی کی تقریب کے اخراجات انہوں نے خود ادا کیے۔
دوسری جانب اداکارہ زرین خان نے بھی حال ہی میں ثنا خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فلمی دنیا میں رہتے ہوئے بھی مذہب سے جڑی ہوئی تھیں۔ زرین خان کے مطابق ’ایمان انسان اور خدا کے درمیان ایک ذاتی رشتہ ہوتا ہے، اسے دکھانے کی ضرورت نہیں۔ ثنا ہمیشہ مذہبی تھیں، بس شادی کے بعد انہوں نے مکمل طور پر اپنی زندگی کا رخ بدل لیا۔ یہ ان کی زندگی ہے اور میں ان کے لیے خوش ہوں۔‘
ثنا خان کا کہنا ہے کہ آج وہ جس سکون اور اطمینان کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں، وہی ان کے فیصلے کی سب سے بڑی دلیل ہے۔
