Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود قریشی بھی کورونا کا شکار

ملک میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خِارجہ شاہ محمود قریشی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’آج دو پہر مجھے تھوڑا بخار محسوس ہوا اور فوراً اپنے آپ کو گھر پر قرنطینہ کر لیا۔ اب میرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ میں اپنی سرکاری ذمہ داریاں گھر سے ہی ادا کروں گا۔ مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 78 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ چار ہزار 87 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ ملک میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 551 ہو گئی ہے۔
 جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 ہو گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ 13 ہزار 623 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ دو ہزار 479 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
پاکستان میں اب تک 13 لاکھ 50 ہزار 773 ٹیسٹ کیے چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 941 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

 

پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض صوبہ سندھ میں موجود ہیں جن کی تعداد 89 ہزار 225 ہو گئی ہے جبکہ 1437 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 49 ہزار 926 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں وبا کے 78 ہزار 956 مریض ہیں جبکہ 1819 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ 33 ہزار 786 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 27 ہزار110 مریض موجود ہیں۔ صوبے میں 983 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 14ہزار 715 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
بلوچستان میں 10 ہزار 666 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے میں وائرس سے 122 اموات ہو چکی ہیں۔ صوبے میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہزار 73 ہو چکی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 195 ہو چکی ہے جبکہ 8 ہزار 264 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں وبا سے اب تک 129 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

پاکستان میں اب تک 13 لاکھ 50 ہزار 773 ٹیسٹ کیے چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

گلگت بلتستان میں 1524 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ علاقے میں 1173 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 28 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا سے 1160 افراد متاثر ہوئے ہیں، 686 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں 33 اموات ہوئی ہیں۔

شیئر: