Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا چین کشیدگی، مودی لداخ کے دورے پر

چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے بعد کا وزیراعظم مودی کا پہلا دورہ تھا۔ فوٹو: اے این آئی (ٹوئٹر)
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے چین کے ساتھ لگنے والے سرحدی علاقے کا جمعے کو غیر اعلانیہ دورہ کیا جو دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد ان کا پہلا دورہ تھا۔
واضح رہے کہ دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان وادی گلوان میں جھڑپ کے دوران انڈیا کے 20 فوجی ہلاک ہوئے تھے جو کہ 45 برسوں میں علاقے میں ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نریندر مودی نے لداخ میں نیمو ملٹری بیس کا دورہ  کیا جو کہ اس جگہ سے ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جہاں انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان 15 جون کو جھڑپ ہوئی تھی۔
سکیورٹی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ نریندر مودی نے قریبی علاقے لیہہ میں ایک ملٹری ہسپتال کا بھی دورہ کرنا تھا جہاں وہ زخمی ہونے والے فوجیوں سے ملاقات کرتے۔
انڈیا کے آرمی چیف نے بھی نریندر مودی کے ساتھ حساس کے علاقے کے دورے میں موجود تھے۔
اے ایف پی کے مطابق انڈین فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں کچھ چینی فوجی بھی زخمی ہوئے تھے لیکن اس کی تفصیلات نہیں دی گئیں۔

انڈیا نے رواں ہفتے 59 چینی موبائل فون ایپس پر پابندی عائد کی ہے (فوٹو: روئٹرز)

دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کو جھڑپ کا قصوروار ٹھہرایا تھا اور تب سے اب تک مزید ہزاروں فوجیوں کو علاقے میں تعینات کیا جا چکا ہے۔
اس کے علاوہ ملٹری کمانڈر کی سطح پر بھی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوئے جن میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق ہوا تاہم اس بارے میں زیادہ پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ 
انڈیا نے رواں ہفتے 59 چینی موبائل ایپس پر پابندی عائد کر کے چین پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ ان ایپس میں مشہور ایپ ٹک ٹاک بھی شامل ہے۔
انڈیا میں سخت بارڈر چیکس کی وجہ سے چین سے آنے والی درآمدات بھی بندرگاہ پر روکی جا رہی ہیں۔
 

شیئر: