Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاریخی دیوار دریافت کرنے والے چور گرفتار

چور ایک گھر میں اپنے طور پر کھدائی کررہے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مصر میں پولیس نے چوروں کا تعاقب کرتے ہوئے الاقصر میں ایک تاریخی مقام دریافت کر لیا۔
الامارات الیوم کے مطابق مصری ذرائع ابلاغ نے تاریخی مقام کی دریافت کے حوالے سے بتایا کہ  چور ایک گھر میں اپنے طور پر کھدائی کررہے تھے۔ گھر ان میں سے ایک کی ملکیت تھ۔ا۔
محکمہ آثار قدیمہ کی پولیس کو جب اس کی اطلاع ملی تو گھر کا محاصرہ کرکے اس کی تلاشی لی گئی۔ آثار قدیمہ کی تلاش میں کھدائی کرنے اور نوادر چوری کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
مصری میڈیا کے مطابق چوروں نے گھر میں دائرہ نما خندق بنائی ہوئی تھی۔ جس کے آخر میں دو راستے جارہے تھے۔ شمال مشرق کی جانب تین میٹر کی خندق تھی- وہاں مٹی والے پتھر کی ایک دیوار بنی ہوئی تھی۔
دیوار پر فراعنہ کی زبان ہیروغلیفی میں تحریریں کندہ تھیں۔ مختلف قسم کے نقوش بنے ہوئے تھے۔ دوسری خندق مغرب کی جانب دو میٹر طویل تھی۔ اس کے آْخر میں پتھر کی دو دیواریں بنی ہوئی تھیں۔ ان میں سے ایک پر ہیروغلیفی میں  نمایاں نقوش بنے ہوئے تھے- رنگین نقش اور شکلیں بھی مرتسم تھیں- دیوار پر ’شاہ بطلیموس‘ کا نام اور اسنا پوجا گھر کی بڑی دیوی ’نیت‘  کا پورا نقش بنا ہوا تھا۔ 
ماہرین آثار قدیمہ نے تاریخی مقام کا معائنہ کرکے بتایا کہ یہاں جو دیوار دریافت ہوئی ہے اس کا ماہرین کو پہلے سے کوئی علم نہیں تھا۔ دیوار پر ہیروغلیفی زبان میں تحریریں، نقوش اور شکلیں بطلمی دور کی ہیں۔
یہ دیوار ایک طرح سے اسنا پوجا گھر کا  توسیع شدہ حصہ ہے۔ اسنا پوجا گھر نئے دریافت شدہ مقام سے 200 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

 

 

شیئر: