Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سمارٹ سٹی ینبع کی سحر آفریں جھیل

یہاں مختلف قسم کے درخت اور پودے لگے ہیں- فوٹو ایس پی اے
عام لوگوں کے ذہنوں میں  ایک تاثر یہ ہے کہ مدینہ منورہ ریجن کے مغرب میں واقع ینبع شہر فیکٹریوں کا شہر ہے۔ سچ یہ ہے کہ بحر احمر کے ساحل پر واقع منفرد ماحولیاتی حسن سے آراستہ تاریخی شہر اور شاندار سیاحتی مقام بھی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ینبع، سعودی عرب کا پہلا سمارٹ سٹی ہے۔ یہ مغربی ساحل پر واقع ہے۔ اس کی جھیل سیاحوں کے لیے بہترین تفریح گاہ ہے۔ یہاں رات کے وقت رنگ برنگے قمقموں کے ماحول میں آبشاروں سے نکلنے والی پانی کی رم جھم سحر آفریں ماحول پیدا کرد یتی ہے۔

جھیل کے بیچوں بیچ فوارے دلکش منظر پیش کررہے ہیں- فوٹو ایس پی اے

ینبع سمارٹ سٹی کی جھیل بحیرہ احمر سے تین کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے- رقبے اور ماحول سے  فطری نظر آتی ہے-
جھیل کے اطراف 21276 مربع میٹرکے رقبے پر سبزہ زار پھیلے ہوئے ہیں۔ 373 کھجور کے درخت اور 1590 خوبصورت پودے لگے ہوئے ہیں۔ جھیل کے اطراف چار خوبصورت آبشار ہیں۔ رات کے وقت رنگ برنگی روشنیوں کے ماحول میں ان کا منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

یہاں معذوروں کی گاڑیوں کی پارکنگ کی بھی جگہ بنائی گئی ہے- فوٹو ایس پی اے

جھیل کے ساتھ  واک کے لیے ٹریک بنایا گیا ہے۔ جھیل کے شائقین کے لیے 172 گاڑیوں کی پارکنگ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ معذوروں کے لیے 8 گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے- بچوں کے لیے جھولے لگائے گئے ہیں۔
جھیل کی جگہ 2982 مربع میٹر میں پھیلی ہوئی ہے۔ اس کے اطراف گرین بیلٹ ہے۔ جھیل کے چاروں جانب سبزہ زار ہے اورجھیل کے بیچوں بیچ فوارے دلکش منظر پیش کررہے ہیں۔
جھیل میں تازہ پانی کاانتظام کیا گیا ہے۔ مچھلیاں اور مختلف قسم کے پرندے بھی نظر آتے ہیں۔ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی جھیل کے پرفریب مناظر سے لطف اٹھانے کے لیے یہاں آتے رہتے ہیں۔

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: