Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرملکی کے ورثا کو 8 لاکھ 71 ہزار ریال ملیں گے

فریقین کے درمیان تنازع ختم کرانے اور مصالحت کے لیے بات کی گئی (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نجی کمپنی کو متوفی غیرملکی کارکن کے ورثا کے لیے 8 لاکھ 71 ہزار ریال کی ادائیگی کا پابند بنا کر فریقین کے درمیان مالی تنازع طے کرادیا-

تنازع طے کرانے کے لیے متعدد میٹنگز کی گئیں (فوٹو: سبق)

سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آجروں اور اجیروں کے درمیان ماورائے عدالت تنازعات طے کرانے کے لیے مصالحتی ادارہ قائم کیے ہوئے ہے- یہ ادارہ عدالتی کارروائی کی پیچیدگیوں سے فریقین کو بچانے اور کم وقت میں بہتر شکل میں معاملات  طے کرانے کا انتظام کیے ہوئے ہے- مصالحتی ادارے کے فیصلے واجب النفاذ نہیں ہوتے- فریقین کو اختیار ہوتا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو اس کے باوجود لیبر کورٹ سے رجوع کرکے مقدمہ لڑ سکتے ہیں-
وزارت افرادی قوت ریاض برانچ نے بتایا ہے کہ  نجی کمپنی اور اس کے متوفی عرب کارکن کے وارثوں کے درمیان مالیاتی تنازع چل رہا تھا- تنازع طے کرانے کے لیے متعدد میٹنگز کی گئیں- فریقین کو مصالحت کے ذریعے تنازع طے کرنے پر آمادہ کرکے مصالحت کی تفصیلات پر بات چیت کی گئی۔ بالآخر فریقین مصالحتی فیصلے پر راضی ہوگئے- اس کے بموجب متعلقہ کمپنی عرب کارکن کے وارثوں کو 8 لاکھ 71 ہزار ریال ادا کرے گی-
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے فریقین کو یہ بات اچھی طرح سے سمجھا دی ہے کہ مدعی آن لائن کمپنی کے خلاف دعویٰ دائر کرسکتا ہے۔ سماعت آن لائن ہوگی۔ سماعت کی تاریخیں اور وقت متعین کیا جائے گا- عدالت میں آنے کی زحمت نہیں دی جائے گی۔
وزارت افرادی قوت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ آجر اور اجیر دونوں میں سے کسی کا بھی حق ضم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی- کسی بھی ادارے کو وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اجیروں کے حقوق پر ہاتھ صاف کرنے یا حقوق کی ادائیگی میں ٹال مٹول کی اجازت نہیں ہوگی-  ہر ادارے کے ساتھ قانون کے دائرے میں باز پرس ہوگی-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: