Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'اب پتا چلا سائنس کی بھی وزارت ہے'

سوشل میڈیا صارفین زرعی ڈرونز کی تیاری پر حکومت کی کاوشوں کو سراہ رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
'میڈ ان پاکستان پراجیکٹ' کے تحت وینٹی لیٹر کی کھیپ کے بعد زرعی ڈرونز بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔ یہ ڈرونز کھیت کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے کیڑے مار سپرے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
پاکستان میں ہر سال ٹڈی دل کے حملوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے مگر اس سال ٹڈیوں کی افزائش نسل گذشتہ سال کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال نے مشکلات کھڑی کر دیں جس کے بعد حکومت نے زرعی ڈرونز تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔
پاکستان کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی ایک ٹویٹ میں ڈرونز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ زرعی ڈرونز میڈ ان پاکستان ہیں، 18 منٹ تک سپرے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پہلے پورا کھیت سپرے کیا جاتا ہے اب سنسرز بتاتے ہیں کہ فصل کے کس حصے کو بیماری ہے اور صرف اس حصے پر سپرے ہوتا ہے، کھیت کی مکمل مانیٹرنگ کی صلاحیت سے لیس ڈرونز زراعت میں نیا انقلاب ہوں گے۔'

سوشل میڈیا صارفین وینٹی لیٹر کی پاکستان میں تیاری کے بعد ڈرونز کی تیاری پر حکومت کی کاوشوں کو سراہ رہے ہیں۔
 

ملک مبشر نامی صارف نے لکھا کہ 'چوہدری صاحب وینٹی لیٹرز کے بعد میڈ ان پاکستان کے لیے یہ بہت زبردست اقدام ہے۔ برائے مہربانی پاکستان کو اس قابل کیجیے کہ وہ چھوٹی گاڑیاں بھی تیار کرے۔ اگر انڈیا کا اپنا گاڑیوں کا پرانڈ ہے تو پھر پاکستان کا کیوں نہیں؟َ'

ایک اور صارف علی خان نے لکھا کہ 'بہترین اقدام، اب ہمیں ان (ڈرونز) کی کسانوں تک رسائی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ برائے مہربانی  جب یہ فروخت کے لیے تیار ہوں تو ان کی قیمت اور رابطے کے لیے معلومات شیئر کیجیے۔'

نقیب میانی نامی صارف نے لکھا کہ 'جب سے آپ نے وزارت سنبھالی ہے ہمیں پتا چلا کہ پاکستان کے پاس بھی سائنس اور ٹیکنالوجی کا کوئی محکمہ ہے۔ آپ عظیم ہیں۔ اور واقعی آپ نے بہت اچھا کام کیا۔'

ایک اور صارف محمد عمیر نے لکھا کہ 'آپ عظیم ہیں سر، اگرچہ میں پی ٹی آئی کا حامی نہیں ہوں لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ میں کارکردگی کا حامی ہوں۔ اگر ایک شخص اچھی کارکردگی دکھاتا ہے تو پھر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کس پارٹی سے تعلق رکھتا ہے۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔'
کچھ صارفین نے لگے ہاتھ مشہور آن لائن گیم پب جی پر عائد عارضی پابندی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔

مکرم علی نامی صارف نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'سر آپ وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر ہیں، آپ نے پب جی کے حوالے سے جاری معاملے پر بھی غور کیا ہوگا۔ حکومت اور پی ٹی اے اس حوالے سے بہت اہم باتیں نظر انداز کر رہی ہے۔ میں جانتا ہوں آپ شاید یہ نہیں پڑھیں گے لیکن اگر آپ میرا تبصرہ پڑھیں تو برائے مہربانی اس  مسئلے کے لیے بھی کچھ کریں۔'
فواد چوہدری نے ٹوئٹڑ صارف کی تصیح کرتے ہوئے لکھا کہ 'میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا وزیر نہیں لیکن میں پہلے ہی اس پابندی کی مخالفت کر چکا ہوں۔'

شیئر: